ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان 14 اپریل سے

پی سی بی کے مطابق یہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کے سلسلے میں پاکستان میں آخری سیریز ہوگی، جس کے دوران پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

19 فروری 2023 کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بولینڈ پارک میں کھیلے جانے والے ویمنز ورلڈ کپ کرکٹ کے گروپ بی میچ کے دوران پاکستان کی منیبہ علی کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی وکٹ کیپر رشادا ولیمز (کپتان) اپنے ساتھیوں کے ساتھ جشن منا رہی ہیں (روجر بوش/ اے ایف پی)

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کے سلسلے میں پاکستان میں آخری سیریز ہوگی۔

تین ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کا حصہ ہیں۔ یہ مقابلے 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے سیریز کے بعد پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو شیڈول ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچ شام ساڑھے تین بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ اس نے 18 میچوں میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم 12 میچوں میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا 2021 کے بعد دوسرا دورہ پاکستان ہوگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 سیریز بھی چوتھی سیریز ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ کر رہا ہے۔

آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ میں پاکستان کی آخری سیریز اس سال مئی میں انگلینڈ کے دورے میں ہوگی۔

خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پاکستان میں پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔ ’ہوم گراؤنڈ پر چوتھی سیریز کی میزبانی خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہونے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پی سی بی کے عزم کا ثبوت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز صرف کرکٹ سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے بارے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین ٹیم کے لیے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔

’پاکستان ویمنز ٹیم کی موجودہ پوزیشن ہمارے عزم اور لگن کی عکاسی کرتی ہے اور ہمارا مقصد ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے تین چیمپیئن شپ میچوں سے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔

’اس سال کے آخر میں آئی سی سی خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی ہو رہا ہے۔ اس ایونٹ اور مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی حالیہ اچھی کارکردگی کی روشنی میں ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ شیڈول کیے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے سلیکٹرز کو میگا ایونٹ کے لیے سکواڈ کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔‘

شیڈول:

18 اپریل۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل۔ کراچی۔

21 اپریل ۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل۔ کراچی۔

23 اپریل ۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل۔ کراچی۔

26 اپریل ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ کراچی

28 اپریل ۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ کراچی۔

30 اپریل ۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ کراچی۔

2 مئی۔ چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ کراچی۔

3 مئی ۔ پانچواں  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔  کراچی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ