پاکستان ویمنز ٹیم نیوزی لینڈ سے ٹی 20 سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیریز اپنے نام کر لی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی منیبہ علی کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز سٹیڈیم میں 15 فروری 2023 کو پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ کے دوران ندا ڈار کو سنچری سکور کرنے کے بعد مبارکباد دے رہی ہیں (فائل فوٹو/اے ایف پی)

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز جیت لی جس پر وزیرِ اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے بھی مبارکباد دی ہے۔ 

ڈنیڈن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو 10 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک بیان کے مطابق یہ پاکستان ویمنز ٹیم کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ ٹیم کے خلاف دوسری فتح ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کو ٹی 20 سیریز میں شکست دینے والی وہ پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی ہے۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے چھ وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے منیبہ علی 35 بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ عالیہ ریاض 32 رنز بنا کر اننگز کے آخر تک ناٹ آؤٹ رہیں، نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم 138 رنز کے تعاقب میں سات وکٹوں کے نقصان پر127 رنز ہی بنا سکیں۔

 پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 22 رنز دے کر تین اور سعدیہ اقبال نے 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ندا ڈار نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

عالیہ ریاض کو ان کی بہترین پرفارمنس پر پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ میں T20 سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں لکھا کہ ’پاکستان وومن کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز جیتنے والی ایشیائی وومن کرکٹ ٹیم بن گئی۔ پاکستانی خواتین کھلاڑی کسی قدر بھی مردوں سے پیچھے نہیں، اسی طرح محنت کرتی رہیں تو پاکستان وومن کرکٹ ورلڈ کپ بھی اپنے نام کر جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے اتوار کو کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں بھی فاطمہ ثنا نے تین وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 127 رنز بنائے تھے، جنھیں پاکستانی بیٹرز نے 19ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔

پہلے ٹی 20 میں پاکستانی اوپنرز نے 128 رنز کے ہدف میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تھا۔ منیبہ علی نے 23 رنز جبکہ شوال ذوالفقار نے 41 رنز سکور کیے تھے۔

واضح رہے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اکتوبر 2018 کے بعد پہلی بار پاکستان سے باہر کوئی سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، جبکہ ایشیا اور آئرلینڈ سے باہران کی پہلی ٹی 20 سیریز کی فتح ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ ہفتے کو کوئنزٹاؤن میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ