سندھ کے علاقے عمرکوٹ میں ایسی سوغات پائی جاتی ہے جو نہ صرف صوبے میں مشہور ہے بلکہ اس کے چرچے دور دور تک پھیل چکے ہیں کیونکہ لوگ اس کو دنیا بھر میں اپنے عزیز و اقارب کے لیے لے جاتے ہیں۔
عمرکوٹ کا مشہور ’کرشن کتھری‘ یا ’کرشن کٹھی‘ کا حلوہ پستے سے بنایا جاتا ہے۔
عمرکوٹ شہر میں قائم قدیم کرشن کی مٹھائی کی دکان نہ صرف حلوے کے لیے مشہور ہے بلکہ اس کی مٹھائی بھی سوغات سے کم نہیں۔
یہ دکان شہر کے قدیمی شاہی بازار میں 1982 میں ایک چھوٹے پیمانے پر کھولی گئی تھی جبکہ آج اس ہی شہر کے مختلف مقامات پر تین برانچیں موجود ہیں۔
کرشن کتھری کا حلوہ عمرکوٹ کے باسی اپنے دوست و احباب کو نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں بطور تحفہ بھیجھتے ہیں۔
یہ حلوہ دنیا کے مختلف ممالک خصوصی طور پر انڈیا، دبئی، کینیڈا، امریکہ، برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں جاتا ہے۔
دنیا بھر میں لوگی یہ حلوہ کورئیر سروس کے ذریعے بھی آرڈر کرتے ہیں اور آن لائن خریدتے ہیں۔
یہ حلوہ ایک عمدہ طریقے سے بنایا جاتا ہے جس میں دیسی گھی اور پستوں کا بھرپور استعمال کیا جاتا ہے۔
کرشن کی دکان پر تین اقسام کے حلوے دستیاب ہیں جس میں بادام کا حلوہ بھی شامل ہے۔
کرشن کتھری کی دکان پر کام کرنے اور حلوہ بنانے کے کاریگر کے مطابق حلوہ بنانا آسان کام نہیں اس کے ذائقے کو عمدہ رکھنے کے لیے محنت درکار ہوتی ہے۔
’حلوے کو تیار کرنے لیے گرم کڑاہی میں سادہ پانی، نشاستے، رنگ، چینی کی چاش، پستے، کاجو اور بادام کا بھرپور استعمال کیا جاتا ہے۔ حلوے کو بنانے کے لیے اس کو ایک گھنٹے تک ملایا جاتا ہے جس کے بعد حلوہ اپنی اصل شکل اختیار کرتا ہے۔‘