وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔
انہوں نے یہ بات پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربعی سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر فلسطین کاز کی مسلسل حمایت کی ہے۔‘
پاکستانی وزیراعظم نے ’غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی، جو سات اکتوبر 2023 سے مسلسل جاری ہے اور اسرائیل کی طرف سے بہادر اور معصوم فلسطینی عوام کے خلاف چھیڑی جانے والی نسل کشی کی جنگ کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
غزہ میں وزارت صحت نے جمعرات کو کہا کہ چھ ماہ میں غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اموات کی تعداد 33 ہزار سے زائد ہو چکی ہے اور صرف گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 62 افراد اپنی جان کھو بیٹھے ہیں۔
اسرائیل کے حملوں میں جان سے جانے والوں میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ 75 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
فلسطینی سفیر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کیس میں عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے عبوری فیصلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھی آئی سی جے میں فلسطین کی حمایت میں بیان دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں قرارداد تو منظور کی لیکن اسرائیل نے اسے نہ صرف مسلسل نظر انداز کیا بلکہ ’ڈھٹائی سے اس کی خلاف ورزی جاری رکھی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اب تک غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی سات کھیپیں بھیج چکا ہے اور عید الفطر کے فوراً بعد ایک اور کھیپ بھیجے گا۔