ملٹی نیشنل فوڈ چین میکڈونلڈز کارپوریشن نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل میں میکڈونلڈز چین کے 225 ریستورانوں کی مالک کمپنی الونیال کو خریدنے جا رہی ہے۔
غزہ پر اسرائیلی حملوں کے پیش نظر دنیا بھر میں میکڈونلڈز کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سودے کی شرائط ظاہر نہیں کی گئیں تاہم میک ڈونلڈز نے ایک بیان میں کہا کہ الونیال کی خریداری کے معاہدے کا انحصار بعض شرائط پر ہے تاہم بیان میں اس ضمن میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
الونیال 30 سال سے زیادہ عرصے سے اسرائیل میں میکڈونلڈز ریستوران چلا رہی ہے اور آج وہ 225 فرنچائزڈ میکڈونلڈز ریستورانوں کی مالک ہے جن میں پانچ ہزار سے زیادہ ملازمین کام کر رہے ہیں جنہیں ریستورانوں کی خرید کے بعد ملازمت پر بحال رکھا جائے گا۔
فروری میں 2023 میں ہونے والی آمدن کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے میک ڈونلڈز نے کہا تھا کہ اکتوبر میں شروع ہونے والی غزہ پر اسرائیلی جارحیت اس کی آمدن کو متاثر کر رہی ہے۔
اسرائیل میں فرنچائزڈ میکڈونلڈز ریستورانوں کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کو ہزاروں مفت کھانے کی پیش کش کے بعد دنیا بھر کے کئی ممالک مین میکڈونلڈز کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کرس کیمپزنسکی کا کہنا تھا کہ ’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ خطے کے خاندان تنازع سے افسوسناک طور پر متاثر ہو رہے ہیں اور اس وقت ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میکڈونلڈز کے بائیکاٹ کے اثرات ’نتیجہ خیز‘ رہے تاہم اس سلسلے میں وضاحت نہیں کی گئی۔
میکڈونلڈز کی چوتھی سہ ماہی کی سیلز نے تجزیہ کاروں کو مایوس کیا۔ امریکہ سے باہر فرنچائزڈ ریستورانوں کے کاروبار میں قابل موازنہ 0.7 فیصد کمی ہوئی۔
کیمپزنسکی کا کہنا تھا کہ ’ظاہر ہے کہ ہم جس جگہ پر سب سے زیادہ واضح اثر دیکھ رہے ہیں وہ مشرق وسطیٰ میں ہے۔ ہم ملائیشیا اور انڈونیشیا جیسے دیگر مسلم ممالک میں کچھ اثرات دیکھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ فرانس جیسے بڑی مسلم آبادی والے ممالک میں بھی ایسا ہوا، خاص طور پر مسلم آبادی والے علاقوں میں واقع میکڈونلڈز ریستوران متاثر ہوئے۔
جمعرات کو بھی بعد از مارکیٹ ٹریڈنگ میں میک ڈونلڈز کے حصص میں تقریباً دو فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔