رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ پاکستان کا نو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد پیر کو وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے انڈپینڈنٹ اردو کا بتایا کہ ڈاکٹر العیسیٰ کا ’یہ دورہ بہت اہم تھا۔‘
عمر بٹ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ڈاکٹر العیسیٰ کے ہمراہ اسلام آباد میں سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کے موقع پر واضح کیا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کتنی زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔
’وزیر اعظم نے رابطہ عالم اسلامی کی خدمات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ جس طرح مسجد نبوی کے قریب سیرت میوزیم بنا ہوا ہے اسی طرز کا میوزیم یہاں پر بھی بنے گا جس سے نہ صرف اسلامو فوبیا کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ غیر مسلموں سمیت پاکستانی نوجوانوں کو بھی سیرت نبوی سے روشناس کروایا جا سکے گا۔‘
پاکستانی وزیر اعظم نے متعدد جاری فلاحی منصوبوں کا بھی ذکر کیا جو سعودی حکومت اور رابطہ عالمی اسلامی کے تعاون سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان عمر بٹ نے بتایا کہ رابطہ عالمی اسلامی کے سیکریٹری جنرل ’وہ شخصیت ہیں جنہوں نے 2022 میں خطبہ حج دیا تھا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان انہیں سرکاری اعزاز سے نواز چکی ہے۔‘
’معزز مہمان نے عید الفطر پاکستان میں منائی اور فیصل مسجد میں عید کے اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام قائم یتیم خانے گئے جہاں انہوں نے بچوں کے ساتھ عید ملی۔ ان کے اس عمل سے ان کے پاکستانی عوام کے تعلق کی صحیح معنوں میں عکاسی ہوتی ہے۔‘
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اعتدال پسند اسلام پر ایک سرکردہ عالمی آواز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں عیدالفطر کے موقع پر اپنے خطبے میں کہا تھا کہ امت کی کامیابی کا راز اتحاد میں ہے۔
’اس اتحاد اور محبت کی بنیاد اپنے گھروں سے کیجیے۔ اپنے اہل خانہ سے محبت اور احترام کے علاوہ اپنی اولاد کی اچھی تربیت کریں۔‘
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے 13 اپریل کو اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سعودی عرب ہر ممکن تعاون کر رہا ہے اور ’سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔‘
وزیر اعظم شہباز شریف نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے ہمراہ اسلام آباد میں سیرت میوزیم کے قیام کا سنگ بنیاد کے موقع پر کہا تھا کہ ’سیرت میوزیم کے قیام سے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا اور منفی پروپیگنڈے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’یہ میوزیم لوگوں کی تربیت کا باعث بنے گا، غیر مسلم بھی اس سے حضور اکرمؐ کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ یہ ایک عظیم منصوبہ ہے جو عالمی سطح پر غلط فہمیوں کے خاتمے کا ذریعے بنے گا۔ منفی پروپیگنڈے کا مثبت طریقے سے جواب مہیا کرے گا۔ اس عظیم منصوبے کے لیے رابطہ عالم اسلامی اور اس کے سیکریٹری جنرل کے تعاون اور رہنمائی پر پوری قوم کی جانب سے میں شکر گزار ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ میوزیم سیرت نبوی کے بارے میں آگاہی اور نئی نسل نو پیغمبر اسلام کی تعلیمات کے فروغ کے لیے میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’سعودی عرب کے شاہی خاندان کی پاکستان کے لیے محبت نہیں بھلا سکتے۔‘
پاکستانی وزیر اعظم نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں کہا کہ ’ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے میں اس کے اثرات ہمارے معاشروں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ رابطہ عالم اسلامی کے تحت پوری دنیا میں مختلف ادارے کام کر رہے ہیں جو مسائل کا شکار دکھی انسانیت کے لیے بڑھ چڑھ کر کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان کے ممتاز مذہبی رہنما مولانا فضل الرحمان اور دیگر مذہبی اسکالرز سے بھی ملاقات کی۔