پاکستان کے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی دورہ امریکہ کے دوران امریکی حکام سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزارت خزانہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جمعرات کو پوسٹ کیے جانے والے بیان کے مطابق ’امریکی محکمہ خارجہ کے نائب معاون ڈونلڈ لو اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری وزیر الزبتھ ہورسٹ نے ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹرز میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق دونوں وفود کے درمیان متبادل توانائی، زراعت، آب و ہوا کی بہتری اور ٹیکنالوجی انڈسٹری میں تعاون پر زور دیتے ہوئے اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
بیان کے مطابق ’وزیر خزانہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی جس میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنا، توانائی کے شعبے کو ہموار کرنا اور نجکاری شامل ہیں۔‘
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور معدنیات نکالنے میں امریکی سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی گئی۔ جبکہ پاکستان نے باہمی ترقی کے لیے یو ایس انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ قریبی تعاون کا اعادہ بھی کیا۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس وقت دورہ امریکہ پر ہیں اور اس دوران ان کی امریکی حکام سمیت ورلڈ بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور کئی ممالک کے حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
اماراتی وزیر مملکت برائے خزانہ سے ملاقات
پاکستانی وزارت خزانہ کے مطابق بدھ کو محمد اورنگزیب کی متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی سے ملاقات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے حکام سے ملاقات کے لیے امریکہ کے دورے کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کو سراہا گیا۔
پاکستانی جریدے ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کے موسم بہار کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود وفاقی وزیر نے منگل کو دونوں اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئی، طویل مدتی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر کے قرضے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ اس سے قبل کی رپورٹس میں پاکستان کی جانب سے چھ سے آٹھ ارب ڈالر کے ای ایف ایف پیکج میں دلچسپی ظاہر کی گئی تھی جو تین سال پر محیط ہے تاکہ ملک کے معاشی استحکام کو تقویت ملے۔
منگل کو ہونے والی ملاقاتوں میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی جانب سے تجویز کردہ اصلاحات کا ذکر کیا تاکہ موجودہ پروگراموں کے لیے مذاکرات کے دوران طے شدہ اہداف کو پورا کیا جا سکے۔
ان میں سے ایک ملاقات میں محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کی ہیلا چیکروہو کو پاکستان کے ٹیکس، توانائی اور نجکاری کے شعبوں میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔
سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات
گذشتہ روز پاکستانی وزیر خزانہ نے اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات بھی کی تھی جس میں سعودی وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری سمیت پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
دونوں وزرائے خزانہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔