نوجوان نیوزی لینڈ کی تجربے کار پاکستان پر برتری

نیوزی لینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آخری گیند پر چار رنز سے ہرا دیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریس ول 25 اپریل، 2024 کو لاہور میں پاکستان کے خلاف چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کے بعد ٹیم کے ساتھ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ناتجربہ کار نیوزی لینڈ نے جمعرات کو لاہور میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آخری گیند پر چار رنز سے ہرا دیا۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 178 رنز بنائے۔ پاکستان نے ابتدا میں وکٹیں جلد گرنے کے باوجود اچھا مقابلہ کیا لیکن آخری گیند پر درکار چھ رنز نہ بنا سکا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم رابنسن نے 36 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر ٹام بلنڈل نے 28 رنز اور ڈین فاکس کرافٹ نے 34 رنز بنا کر ان کا اچھا ساتھ دیا۔

آخری اوورز میں جیمز نیشم نے 11 ناٹ آؤٹ اور مائیکل بریس ول نے 27 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 178 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی تین وکٹیں لے کر سرفہرست رہے۔ ان کے علاوہ محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ لی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان نے 179 رنز کا تعاقب شروع کیا تو پہلے چھ اوورز میں اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ صائم ایوب نے 20، کپتان بابر اعظم نے پانچ جبکہ اسامہ خان نے 16 رنز بنائے۔

جلد وکٹیں گرنے کے باوجود میزبان ٹیم نے اپنا اچھا رن ریٹ برقرار رکھا۔ فخر زمان 61 رنز بنا کر پاکستان کو ہدف کے قریب لے گئے۔ لیکن آخری اوورز میں کیوی بولرز نے نپی تلی بولنگ کی اور پاکستانی بیٹرز کو زیادہ موقعے نہ دیے۔

عماد وسیم نے آخری اوورز میں 11 گیندوں پر جارحانہ 22 رنز بنائے لیکن وہ آخری گیند پر چھ رنز نہ بنا سکے اور یوں پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں دوسری شکست کھانا پڑی۔

کیوی بولر ویلیم آرورک نے تین جبکہ بین سیئر نے دو وکٹیں لیں۔ دونوں ٹیمیں اب ہفتے کو سیریز کا آخری میچ کھیلیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ