انڈیا کی لوک سبھا کے انتخابات جاری ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال شراب پالیسی کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے حراست میں ہیں اور ان دنوں تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
عام انتخابات سے قبل اروند کیجریوال کی گرفتاری کو لے کر دہلی سے حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی کے مستقبل کے بارے میں اندیشے ظاہر کئے جارہے تھے تاہم ان کی اہلیہ نے اب انتخابی مورچہ سنبھال لیا ہے۔
اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال کی سیاست میں حصہ لینے کی وجہ ان کے شوہر کی گرفتاری ہے۔ گزشتہ ماہ جب اروند کیجروال کو گرفتار کیا گیا تو اس وقت سنیتا نے ایک ویڈیو بنا کر اپنے شوہر کی گرفتاری پر سخت تنقید کی تھی۔
کیجریوال سمیت عام آدمی پارٹی کے تقریباً تمام سینیئر رہنماوں کے جیل میں ہونے کی وجہ سے پارٹی بغیر قیادت کے چل رہی تھی۔
تاہم جس طریقے سے سنیتا کیجریوال نے عام انتخابات کی مہم میں حصہ لینا شروع کیا ہے، اس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ سنیتا کیجریوال نے اپنے شوہر کی جگہ سنبھال لی ہے اور پارٹی بھی ہر مقام پر سنیتا کو آگے بڑھا رہی ہے۔
سنیتا کیجریوال کون ہیں؟
سنیتا کیجریوال دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ ہیں۔ انہوں نے بطور انڈین ریونیو سروس افسر کے، 22 سال تک اپنی خدمات سر انجام دیں۔ 2016 میں اپنے شوہر کے عہدے پر ہوتے ہوئے محکمہ ٹیکس سے رضاکارانہ سبک دوشی ہو گئیں۔
سنیتا کیجریوال کی آخری پوسٹنگ دہلی کے ٹیکس ٹرائیبیونل میں رہی تھیں۔ سنیتا کیجریوال 1994 بیچ کی افسر ہیں جبکہ اروند کیجریوال 1995 بیچ کے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اروند کیجریوال کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد سنیتا کیجریوال نے عوامی سیاست میں حصہ نہیں لیا۔ اہم تقریبات میں کبھی کبھی اپنے شوہر کے ساتھ نظر آتی تھیں۔
تا ہم جب سے ان کے شوہر اروند کیجریوال جیل میں ہیں، تب سے وہ مسلسل پارٹی کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔
سنیتا کیجریوال انڈیا میں موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی ریلی میں 31 مارچ کو شامل ہوئیں جبکہ اس کے علاوہ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری کے خلاف ہوئی ریلی میں بھی شامل ہوئیں۔
اتوار کے روز سنیتا کیجریوال نے اعلان کیا کہ تہاڑ جیل انتظامیہ نے انہیں شوہر سے ملنے کی اجازت کو رد کردیا ہے جس کے بعد اچانک سے جیل انتظامیہ نے اجازت بحال کر دی۔
انڈیا میں عام انتخابات
انڈیا میں جاری عام انتخابات سات مراحل میں مکمل ہونگے۔ جس میں 2 مرحلے مکمل ہو چکے ہیں۔ دہلی میں الیکشن کے پانچویں مرحلے کی ووٹنگ 25 مئی کو ہو گی۔ جس کے تحت دہلی کے 7 لوک سبھا حلقوں چاندنی چوک، نئی دہلی، مغربی دہلی، جنوبی دہلی، شمال دہلی، شمال مغربی دہلی اور شمال مشرقی دہلی میں الیکشن کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔
اس بار دہلی میں بی جے پی کے خلاف انڈیا الائینس کے امیدوار اتارے گئے ہیں۔ چار سیٹوں پر عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ تین سیٹوں پر کانگریس کے امیدوار۔