تاریخی فتح: صادق خان تیسری بار لندن کے میئر منتخب

پاکستانی نژاد صادق خان نے میئر منتخب ہونے کے لیے 10 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

18 اپریل 2024 کو لندن میں میئر صادق خان ایک تقریر کے بعد (اے ایف پی/ جسٹن تالس)

برطانیہ کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے صادق خان ہفتے کو کنزرویٹو پارٹی کی امیدوار سوزن ہال کو شکست دے کر تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق پاکستانی نژاد صادق خان نے اس تاریخی فتح کے لیے 10 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

صادق خان کو مد مقابل سوزن ہال پردو لاکھ 75 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔

جبکہ ہال کو آٹھ لاکھ 13 ہزار سے بھی کم ووٹ ملے۔

برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو کونسل انتخابات کے نتائج کے پہلے دن انتہائی مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

وہ اب دارالحکومت اور ویسٹ مڈلینڈز میں میئر کے مقابلے کے نتائج کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں 107 کونسلوں میں سے 102 نے جمعے کی رات اپنے مکمل نتائج کا اعلان کیا۔

کنزرویٹو پارٹی کے چار سو سے زیادہ کونسلروں کو شکست ہوئی۔ پارٹی کو 10 کونسلوں میں شکست ہوئی۔

جنوبی یارکشائر اور لیورپول نے لیبر پارٹی کے میئرز کو ووٹ دیا جب کہ ویسٹ مڈلینڈز میں ٹوری امیدوار اینڈی سٹریٹ کی جیت باغی ارکان پارلیمنٹ کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کامیابی کے اعلانات کے آغاز سے قبل لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر سٹارمر نے صادق خان کی جیت کے بارے میں پراعتماد ہونے کا اشارہ دیا۔

انہوں نے لیورپول، جنوبی یارکشائر، ویسٹ یارکشائر اور گریٹر مانچسٹر میں میئر کے عہدے پر اپنی پارٹی کی کامیابیوں کا ذکر کیا جہاں اینڈی برنہم اقتدار میں واپس آئے۔

اس سے قبل مئی 2021 میں صادق خان لندن کے دوسری بار میئر منتخب ہوئے تھے۔

اس سے قبل انڈپینڈنٹ اردو کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں صادق خان نے کہا کہ وہ لندن کے میئر کے لیے آئندہ برس تیسری مرتبہ بھی انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

’میں لندن سے محبت کرتا ہوں۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ یہ دنیا کا عظیم شہر ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ لندن کا میئر بننا دنیا میں ایک بڑی ذمہ داری ہے، اس لیے میں اگلے سال مئی 2024 میں ایک بار پھر میئر کے لیے انتخاب لڑ رہا ہوں۔‘

لندن کا میئر منتخب ہونے سے قبل بھی وہ سیاست کے میدان میں تھے۔ وہ برطانوی پارلیمنٹ کے رکن، وزیر اور شیڈو کیبنٹ کا حصہ بھی رہے۔

صادق خان نے 2005 میں برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کا رکن بننے سے قبل اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز انسانی حقوق کے ایک وکیل کے طور پر کیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترک وطن کرنے والے پاکستانی خاندان کے بیٹے اور 2016 میں پہلی بار منتخب ہونے والے صادق خان کسی مغربی ملک کے دارالحکومت کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔ 2000 میں لندن کے میئر کا عہدہ تخلیق ہونے کے بعد سے 53 سالہ خان تین مرتبہ میئر بننے والے  لندن کے پہلے رہنما بن گئے ہیں۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا