پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ’سٹریٹجک ڈائیلاگ‘ اجلاس کی مشترکہ صدارت کے لیے چین پہنچ چکے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ان کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیں گے جن میں اعلی سطح کے تبادلے اور دورے، پاک چین اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن اور مستقبل میں رابطے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار چینی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر 13 سے 16 مئی تک چینی دارالحکومت کا دورہ کر رہے ہیں۔
یہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ یہ دورہ چینی اور پاکستانی وزارت خارجہ کے درمیان ادارہ جاتی بات چیت کا بھی ایک اہم حصہ ہے۔
اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار علاقائی اور جغرافیائی منظر نامے اور کثیر الجہتی سطح پر دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان کے ساتھ موجودہ تعلقات اور چین کے دورے کی توقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’چین اس دورے کو رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت کی تکمیل، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سٹریٹجک مواصلات اور کوآرڈینیشن کو بڑھانے کے موقع کے طور پر دیکھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے اقدامات میں ’مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو بڑھانا، پاکستان چین اقتصادی راہداری کو اپ گریڈ کرنا، چین اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط کرنا اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر میں تیزی لانا‘ شامل ہیں۔
بیان کے مطابق: ’پاکستان میں رواں سال کے انتخابات کے بعد چینی صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چیئرمین ژاؤ لیجی نے پاکستانی رہنماؤں کو مبارکب اد کے پیغامات بھیجے اور ہماری دلی مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔‘
سٹریٹجک ڈائیلاگ کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی رہنماؤں، سینیئر وزرا اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔