ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے دوران پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ نو جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا، جسے پاکستانی شائقین راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں قائم فین پارک میں دیکھ سکیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کو پانچ مختلف ممالک میں نو لائیو سائٹس کے ساتھ نشر کرنے کے لیے 16 فین پارکس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح آئی سی سی ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ ٹورنامنٹ پہلے سے کہیں زیادہ لوگوں کے لیے سب سے بڑا کرکٹ میلہ بن جائے گا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے کُل 22 میچز نیویارک سٹی، نئی دہلی اور راولپنڈی سمیت مختلف مقامات پر دکھائے جائیں گے۔ شائقین کرکٹ کے لیے بنائے گئے پارکس میں لائیو تفریح کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ڈی جیز سمیت کھانے پینے کے سٹالز، کرکٹ سفیر اور فیملی سرگرمیاں شامل ہیں، جس سے یہ ایک ایسا ایونٹ بن جائے گا جسے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کھونا نہیں چاہیں گے۔
خاص طور پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان گروپ اے کا میچ 10 مختلف فین پارکس میں دکھایا جائے گا، جن میں سیڈر کریک پارک، سیفرڈ، نیو یارک جس کی میزبانی ناساؤ کاؤنٹی کر رہی ہے، انڈیا کا اندرا گاندھی انڈور ایرینا اور پاکستان کے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے فین پارکس شامل ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نیو یارک شہر میں اوکلس ورلڈ ٹریڈ سینٹر نمایاں مقامات میں سے ایک ہے، جہاں فین پارک کے ساتھ 10 مختلف تاریخوں پر 18 میچز دکھائے جائیں گے، جس میں 29 جون کا متوقع فائنل بھی شامل ہے۔
نیو یارک کے شہری یکم جون کو امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ بھی دیکھ سکیں گے۔ آٹھ جون کو روایتی حریف آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
دیگر دو میزبان امریکی مقامات میں بھی شائقین کے لیے ایک موقع ہوگا جس میں گرینڈ پریری، ٹیکسس میں ایپک سینٹرل اور فلوریڈا میں بروورڈ کاؤنٹی سٹیڈیم فین پارکس شامل ہیں۔
امریکہ سے باہر جنوبی افریقہ کے ڈی پی ورلڈ وانڈررز سٹیڈیم میں تین جون کو سری لنکا کے خلاف پروٹیز کا پہلا میچ اور انڈیا اور پاکستان کے درمیان نو جون کا میچ دکھایا جائے گا جبکہ برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ سٹیڈیم میں بھی نو جون کا میچ دکھایا جائے گا۔
ہر ریجن میں آئی سی سی کے براڈکاسٹ پارٹنرز آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے تمام فین پارکس کو لائیو فیڈ فراہم کرکے سپورٹ کریں گے۔
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کے بقول: ’ہم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کو ریکارڈ تعداد میں فین پارکس میں دکھا کر لوگوں کو اکٹھا کرنے پر بہت خوش ہیں۔ ان پارکوں کو کھیل کو زیادہ قابل رسائی اور خوشگوار بنانے کی خاطر ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے ہر عمر کے شائقین کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔‘