انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کا اختتام کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے پر کیا جبکہ سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) دوسرے نمبر پر رہی۔
این ڈی ٹی وی سپورٹس ڈاٹ کام کے مطابق ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کے کے آر نے 20 کروڑ انڈین روپے کا بڑا انعام بھی حاصل کیا جبکہ ایس آر ایچ کے حصے میں 13 کروڑ روپے آئے۔
آئی پی ایل کی مجموعی انعامی رقم ساڑھے 45 کروڑ انڈین روپے تھی جو فاتح اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے علاوہ دیگر ٹیموں میں بھی تقسیم کی گئی۔
راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور جو پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں، انہیں بھی انعامی رقم کا بڑا حصہ دیا گیا۔ تیسرے نمبر پر آنے والی سنجو سامسن کی ٹیم کو سات کروڑ روپے ملے اور فاف ڈوپلیسی کی ٹیم نے ساڑھے چھ کروڑ روپے کا انعام حاصل کیا۔
رائل چیلنجرز بنگلور کے سب زیادہ سکور کرنے والے وراٹ کوہلی نے اورنج کیپ حاصل کی جب کہ پنجاب کنگز کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر ہرشل پیٹیل کو پرپل کیپ ملی۔ دونوں کھلاڑیوں کو بہترین بلے باز اور بولر بننے پر 10، 10 لاکھ انڈین روپے کا انعام دیا گیا۔
کوہلی نے 15 میچوں میں 61.75 کی اوسط سے 741 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بہترین سکور 113 تھا اور ان کا سٹرائیک ریٹ 154.69 رہا جو آئی پی ایل کے ایک سیزن میں کوہلی کا اب تک کا سب سے زیادہ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فاسٹ بولر ہرشل پٹیل نے ٹورنامنٹ کا اختتام 14 میچوں میں 9.73 کی اکانومی اور 19.87 کی اوسط سے 24 وکٹوں کے ساتھ کیا۔
سن رائزرز کے نتیش کمار ریڈی کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی سیزن کا ایمرجنگ پلیئر نامزد کیا گیا۔ کے کے آر کے سپنر سنیل نرائن کو سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
آئی پی ایل 2024 میں انعام حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی مکمل فہرست:
- اورنج کیپ: وراٹ کوہلی۔ 741 رنز (10 لاکھ انڈین روپے)
- پرپل کیپ: ہرشل پٹیل۔ 24 وکٹیں (10 لاکھ انڈین روپے)
- سیزن کے بہترین کھلاڑی: سنیل نرائن (12 لاکھ انڈین روپے)
- سب سے زیادہ چوکے: ٹریوس ہیڈ (64)
- سب سے زیادہ چھکے: ابھیشیک شرما (42)
- سیزن کے ایمرجنگ پلیئر: نتیش کمار ریڈی (20 لاکھ روپے)