رفح پر اسرائیلی حملوں کی عالمی سطح پر مذمت، سلامتی کونسل کا اجلاس

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ الجزائر کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا منگل کو ہنگامی اجلاس ہوگا جس میں اسرائیلی حملے پر غور کیا جائے گا۔

رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد کی موت کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج یعنی منگل کو ہو رہا ہے اور تین یورپی ممالک فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم بھی کریں گے۔

غزہ میں موجود صحافیوں نے منگل کی صبح جنوبی غزہ کے سرحدی شہر میں رات گئے تازہ اسرائیلی حملوں کی اطلاع دی ہے۔

غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق اتوار کی رات اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بے گھر افراد کے ایک مرکز میں آگ بھڑک اٹھی جس سے 45 افراد جان سے گئے۔

اس حملے کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی۔ فلسطین اور بہت سے عرب ممالک نے اسے ’قتل عام‘ قرار دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’غزہ میں کوئی محفوظ جگہ نہیں ہے۔ یہ خوف و ہراس ختم ہونا چاہیے۔‘

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے رفح میں اسرائیل کے حملے سے قبل عام شہریوں کی اموات کے بارے میں بڑے پیمانے پر جاری انتباہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے گذشتہ رات کے مکمل طور پر ناقابل قبول حملے کے نتائج دیکھے ہیں۔

’اسے ’غلطی‘ کہنا ایک ایسا پیغام ہے جس کی جان سے جانے والوں، غمزدہ لوگوں اور جان بچانے کی کوششوں میں مصروف لوگوں کے لیے کوئی اہمیت نہیں ہے۔‘

سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ الجزائر کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا منگل کو ہنگامی اجلاس ہوگا جس میں اسرائیلی حملے پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ وہ حملے کی ’خبر سے صدمے میں ہیں۔‘ جبکہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ وہ ’غصے‘ میں ہیں۔

امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو ’شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں۔‘

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات شروع کر رہی ہے۔

غزہ کے بے گھر مکین خلیل البہتینی غزہ سے جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ انہوں نے پیر کو بتایا کہ ’گذشتہ رات ہمارے خیمے کے سامنے لگے خیمے پر حملہ کیا گیا۔ ہم نے اپنا سامان لاد لیا ہے لیکن ہمیں یہ معلوم نہیں کہ کہاں جائیں۔‘

اس حملے پر احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سپین، آئرلینڈ اور ناروے منگل کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے والے ہیں۔ اسرائیل نے اس فیصلے کو حماس کے لیے ’انعام‘ قرار دیا ہے۔

ہسپانوی وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے پیر کو برسلز میں کہا کہ فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنا فلسطینی عوام کے لیے انصاف ہے۔

انہوں نے اپنے آئرش اور ناروے کے ہم منصبوں کی موجودگی میں کہا کہ یہ ’اسرائیل کے لیے سلامتی کی بہترین ضمانت ہے اور خطے میں امن تک پہنچنے کے لیے قطعی ضروری ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا