ٹی20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل، فائنل کھیل چکے اب ٹرافی جیتنا ہے: بابر

صرف انڈیا کا میچ نہیں بلکہ پورا ٹورنامنٹ اہمیت رکھتا ہے، کپتان بابر اعظم کی کی پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 11 نومبر 2021 کو دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے قبل پریکٹس کر رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ بحیثیت کپتان وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکے ہیں اب وہ ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔

بابراعظم نے پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور اس وقت ہمارا مقصد صرف ایک ہے اور  وہ ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا ، جس کے لیے ہم سب کو ایک ہوکر کھیلنا ہوگا۔‘
بابراعظم کا جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں کہنا ہے کہ انڈیا پاکستان میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں  صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا  بھر کے شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔

’یہ پریشر گیم ہوتا ہے۔ اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پر توجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی۔ لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی ہے بلکہ اس میں دوسری ٹیمیں بھی ہوتی ہیں اور اگر آپ کو چیمپیئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔‘

بابراعظم نے کہا کہ ٹی  ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول اچھا ہے۔ امریکہ میں چوں کہ پہلی بار یہ ایونٹ ہو رہا ہے اس لیے وہاں ڈراپ ان پچز ہوں گی۔ مختلف گراؤنڈز ہوں گے۔ مختلف ماحول ہوگا۔ ایک نیا تجربہ ہوگا۔ نیا چیلنج ہوگا۔

’کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن ہم ایونٹ سے پہلے معلومات حاصل کرکے خود کو مقابلے کے لیے تیار کرلیں گے۔‘

 بابراعظم کا کہنا ہے کہ یہ بحیثیت کپتان ان کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے۔ ان کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے سیمی فائنل اور فائنل کھیل لیا ہے اب وہ ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنی ہوگی۔

’بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے ہم فاتح نہ بن سکے۔ اس بار وہ غلطیاں دوہرانا نہیں چاہتے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ ’اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے۔ پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں  کچھ بنائی گئی تھیں۔ آپ کے اپنے گھر میں بھی جب کوئی بات ہوتی ہے تو اسے پبلک میں نہیں لایا جاتا۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے سنا جائے اور اسے فوراً حل کیا جائے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر اعظم نے  پوڈ کاسٹ میں اپنی بیٹنگ کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے سٹرائیک ریٹ پر بہت  زیادہ بات ہوتی رہی ہے۔ جب انہیں یہ احساس ہوا کہ سٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو انہوں نے اس پر کافی کام کیا۔ انہوں نے اس نکتے پر کام کیا کہ انہیں کہاں مشکل ہورہی ہے۔

’اصل میں یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ حالات کا کیا تقاضہ ہے۔ آپ ہر وقت ایک ہی سٹرائیک ریٹ سے نہیں کھیل سکتے۔ میرا کھیل مختلف ہے۔‘

بابر اعظم کے مطابق وہ کریز پر جاکر کچھ وقت لیتے ہیں ان کا گیم وہ نہیں ہے کہ جاتے ہی چھکے ماریں۔ وہ صائم اور فخر نہیں بن سکتے لیکن انہیں یہ پتہ ہے کہ  اپنے کھیل  کو کیسے اوپر لے جاسکتے ہیں۔ وہ اپنی  بیٹنگ کی بنیادی باتوں پر توجہ رکھتے ہیں ان کے کرکٹنگ شاٹس ہیں۔

بابراعظم نے اس تاثر کو بھی یکسر مسترد کردیا کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر یہ بات ہوتی ہے کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں ایسا بالکل نہیں ہے اگر وہ اپنے لیے کھیلنے لگیں تو پھر یہ مختلف گیم ہو جائے گا۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کی ضرورت کے  مطابق کھیلتے ہیں۔ جب سے وہ کپتان بنے ہیں انہوں نے اپنے ذاتی اہداف پیچھے رکھ دیے ہیں وہ ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں کیوں کہ ان کے نزدیک  ٹیم پہلے ہے باقی چیزیں بعد میں ہیں۔

بابراعظم نے کہا کہ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا بحیثیت کرکٹر اور کوچ  تجربہ بہت وسیع ہے۔ ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔

بابراعظم نے اپنے پرستاروں کے  نام پیغام  میں کہا کہ وہ ٹیم کی کامیابی  کے لیے دعا کریں۔

’ہماری طرف سے پوری کوشش ہوگی  کہ ہم 100 فیصد پرفارمنس دیں آپ ٹیم کو سپورٹ کریں کیوں کہ یہ آپ سب کی ٹیم ہے یہ پاکستان کی ٹیم ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ