آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ہے جہاں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ نو جون کو کھیلا تو نیویارک میں جائے گا مگر اسے راولپنڈی سٹیڈیم میں بھی دیکھا جا سکے گا۔
اس مقصد کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ’آئی سی سی ورلڈ کپ فین پارک‘ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ شائقین کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا احساس ہو سکے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بڑی سکرین پر دکھایا جائے گا۔
شائقین کرکٹ راولپنڈی سٹیڈیم میں صرف میچ ہی نہیں دیکھ سکیں گے بلکہ اس موقع پر وہاں فیملیز کے لیے مختلف سرگرمیوں اور کھانے پینے کے سٹالز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق اس موقع پر پاکستانی گلوکار بلال سعید اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کریں گے۔
اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جنہیں آن لائن خریدا جا سکتا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز کی ٹکٹوں کی قیمتیں الگ الگ رکھی گئی ہیں۔
میران بخش، سہیل تنویر اور شعیب اختر اینکلوژر کی ٹکٹ سب سے کم یعنی 500 روپے ہے جبکہ شائقین کرکٹ تیسرے فلور پر موجود وی آئی پی گیلری میں بیٹھ کر میچ دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کا ٹکٹ ایک ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
اس کے علاوہ دیگر انکلوژرز کی ٹکٹ کی قیمت 750 روپے رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
راولپنڈی میں ورلڈ کپ فین پارک کے انتظامات کے بارے میں جاننے کے لیے جب پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہ ایونٹ مکمل طور آئی سی سی کروا رہا ہے جس سے پی سی بی کا تعلق نہیں۔‘
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کو پانچ مختلف ممالک میں نو لائیو سائٹس کے ساتھ نشر کرنے کے لیے 16 فین پارکس بنانے کا اعلان کر رکھا ہے۔
راولپنڈی سٹیڈیم کے علاوہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان گروپ اے کا میچ 10 مختلف فین پارکس میں دکھایا جائے گا، جن میں سیڈر کریک پارک، سیفرڈ، نیو یارک جس کی میزبانی ناساؤ کاؤنٹی کر رہی ہے، انڈیا کا اندرا گاندھی سٹیڈیم شامل ہے۔
فین پارکس کے حوالے آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کا کہنا تھا کہ ’ہم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کو ریکارڈ تعداد میں فین پارکس میں دکھا کر لوگوں کو اکٹھا کرنے پر بہت خوش ہیں۔ ان پارکوں کو کھیل کو زیادہ قابل رسائی اور خوشگوار بنانے کی خاطر ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے ہر عمر کے شائقین کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔‘