این ڈی اے نے مودی کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے منتخب کر لیا

نریندر مودی آج صدر کو حکومت بنانے سے متعلق آگاہ کریں گے اور اتوار کو ان کی حلف برداری متوقع ہے۔

نریندر مودی کا چار جون، 2024 کو نئی دہلی میں بی جے پی کے صدر دفتر میں الیکشن جیتنے کے جشن کے دوران ایک انداز (اے ایف پی)

انڈیا میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے قانون سازوں نے نریندر مودی کو تاریخی طور پر مسلسل تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کر لیا۔

اس طرح دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اتحادی حکومت قائم ہو گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مودی صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کر کے انہیں نئی حکومت کی تشکیل کے دعوے سے آگاہ کریں گے جب کہ مودی کے ایک اتحادی کے ترجمان نے بتایا کہ وہ اتوار کی شام حلف اٹھائیں گے۔

10 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو حکومت بنانے کے لیے علاقائی جماعتوں کی حمایت کی ضرورت پڑی۔

گذشتہ دو ادوار میں بھاری اکثریت حاصل کرنے والی اس جماعت نے اس مرتبہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں صرف 240 نشستیں حاصل کیں جو اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے کے لیے درکار 272 نشستوں سے بہت کم ہیں۔
 
این ڈی اے نے 543 رکنی لوک سبھا میں 293 نشستیں حاصل کیں اور راہل گاندھی کی اعتدال پسند کانگریس پارٹی کی قیادت میں قائم اتحاد ’انڈیا‘ نے پیشگوئیوں سے آگے بڑھتے ہوئے 230 سے زیادہ نشستیں لی ہیں۔

بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں بشمول تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے قانون سازوں نے ووٹوں کی گنتی اور چار جون کو نتائج کے اعلان کے بعد اتحاد کے پہلے اجلاس میں متفقہ طور پر مودی کو وزیر اعظم منتخب کیا۔

مودی کا نام سبکدوش ہونے والے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تجویز کیا اور سبکدوش ہونے والے وزرا اور اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں نے اس کی تائید کی۔

نو منتخب قانون سازوں اور اتحاد کے سینیئر رہنماؤں نے مودی کی حمایت میں ڈیسک اور اور تالیاں بجائیں۔ کچھ لوگوں نے پارلیمنٹ کی پرانی عمارت کے مرکزی ہال میں کھڑے ہو کر ’مودی، مودی‘ کے نعرے لگائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹی ڈی پی کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب اتوار کی شام ہوگی۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق بی جے پی کی دونوں اتحادی جماعتیں ایوان زیریں میں سپیکر کے عہدے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ پارٹی خارجہ، دفاع، داخلہ اور خزانہ بی جے پی بدستور اپنے پاس رکھے گی۔
 
اتحاد کے مذاکرات 2014 سے پہلے کے دور کی یاد دلاتے ہیں، جب مودی بی جے پی کی واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے اور اتحادی جماعتیں عہدوں اور مراعات کی فکر میں تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کو اتحاد کی قیادت کرنے کا موقع دینے اور اگلی پارلیمنٹ میں حکومت سازی کے لیے انہیں اکثریت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انڈین پارلیمنٹ میں منعقدہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’یہ میری خوش قسمتی ہے کہ آپ نے مجھے مکمل اتفاق رائے سے این ڈی اے کا لیڈر منتخب کیا۔ میں اس کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا