امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
جمعرات کو ٹرینڈاڈ کے ٹروبا برائن لارا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو چند ہی لمحوں میں غلط ثابت ہوا۔
ابتدائی اوور میں ہی افغانستان کے اوپننگ بلے باز پویلین واپس لوٹ گئے۔ لیکن یہ صرف شروعات تھی۔
23 کے سکور پر آدھی افغان ٹیم پویلین واپس جا چکی تھی جس کے بعد کپتان راشد خان نے آ کر تھوڑی مزاحمت دکھانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
افغانستان کی جانب سے نو کھلاڑی 10 سے رنز سے بھی کم پر آؤٹ ہوئے اور عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن اور تبریز شمسی نے تین تین، جبکہ کاگیسو ربادا اور آنریک نورتیے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ پہلا موقع ہے جب ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کوئی ٹیم 100 سے کم پر آؤٹ ہوئی ہو جبکہ یہ ٹی 20 کرکٹ میں بھی افغانستان کا کم ترین سکور ہے۔
جواب میں جنوبی افریقی اننگز کا آغاز بھی ایک وکٹ گرنے کے ساتھ ہوا لیکن اس کے بعد افغانستان کے بولرز کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
آؤٹ ہونے والے واحد جنوبی افریقی بلے باز کوئنٹن ڈی کاک تھے جبکہ ان کے بعد کپتان ایڈم مارکرم نے ریزا ہینڈرکس کے ساتھ مل کر جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے فتح دلوائی۔
جنوبی افریقہ کے بولر مارکو جینسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
افغانستان کی ٹیم اس سے قبل کبھی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے مرحلے تک نہیں پہنچی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے یہ میچ جیت کر ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
دوسرا سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق آج شام کو 7:30 پر انڈیا اور انگلینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم 29 جون کو فائنل میں جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہو گی۔