تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے ہفتے کو فلسطین سے متعلق اپنے تین مطالبات کی منظوری تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راول پنڈی کے سنگم فیض آباد کے مقام پر دھرنا دے دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹی ایل پی نے آج فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے راول پنڈی کے لیاقت باغ سے فیض آباد تک مارچ کیا جس کے بعد دھرنے کا اعلان کیا گیا۔
ٹی ایل پی کے شعبہ نشرواشاعت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں تنظیم کے سربراہ حافظ سعد رضوی نے کہا کہ ’جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم ادھر ہی بیٹھے ہیں۔‘
ٹی ایل پی کے ایک ترجمان امجد رضوی نے بتایا کہ پارٹی نے تین مطالبات سامنے رکھے ہیں جن میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ، اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن ہایو کو دہشت گرد قرار دینا اور فلسطین کو طبی امداد وغیرہ مہیا کرنا شامل ہیں۔‘
فیض آباد کو اسلام آباد کا اہم داخلی راستہ سمجھا جاتا ہے۔ اس مقام پر ماضی میں ٹی ایل پی سمیت کئی تنظیمیں دھرنا دینے کے علاوہ اس راستے کو بلاک کر چکی ہیں۔
کمشنر اسلام آباد رانا وقاص نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مقامی انتظامیہ نے ٹی ایل پی کی تین رکنی ٹیم سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔