کینیڈا: دنیا کی دوسری خاتون آرمی چیف نے کمان سنبھال لی

56 سالہ جنرل جینی کیرینیاں کسی بڑے ملک کی پہلی خاتون آرمی چیف ہوں گی۔

جنرل جینی کیرینیاں جمعرات کو ایک تقریب میں کینیڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کا عہدہ سنبھال کر کینیڈا کی مسلح افواج کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔

فوجی انجینیئر کی حیثیت سے کیریئر کا آغاز کرنے والی 56  سالہ کیرینیاں نے کینیڈا کی فوج میں 35 سال کے دوران افغانستان، بوسنیا ہرزیگوینا، عراق اور شام میں فوجیوں کی کمان کی ہے۔

متعدد اعزازات اور تمغے حاصل کرنے والی کیرینیاں چار بچوں کی ماں ہیں، جن میں سے دو کینیڈا کی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

کیرینیاں نے اوٹاوا میں کینیڈین وار میوزیم میں منعقدہ تقریب کے دوران کہا، ’میں خود اس کثیر الجہتی چیلنج کو سنبھالنے کے لیے تیار اور مستعد محسوس کرتی ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا، ’یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں تنازع، دنیا کے دیگر حصوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگیاں، موسمیاتی تبدیلی، ہمارے عملے پر گھر اور بیرون ملک میں بڑھتے ہوئے مطالبات، اور ہمارے جمہوری اقدار اور اداروں کو لاحق خطرات کچھ پیچیدہ چیلنج ہیں جن کے لیے ہمیں مطابقت اور مقابلہ کرنا ہو گا۔‘

کیرینیاں کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں پیدا ہوئی تھیں اور ان کا تعلق فرانسیسی بولنے والے خاندان سے ہے۔ انہوں نے 1990 میں فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 

کیرینیاں نے جنرل وین ایئر کی جگہ لی ہے جو 2021 سے اعلیٰ فوجی کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ موجودہ دور میں کینیڈا دفاعی اخراجات میں اضافے اور اپنی مسلح افواج کو جدید بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

گذشتہ ہفتے، وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت کا ارادہ ہے کہ 2032 تک نیٹو کے دفاعی اخراجات کے ہدف کو مجموعی قومی پیداوار کے دو فیصد تک پہنچایا جائے۔ حکومت کی پیش گوئیوں کے مطابق، 2024-25 کے مالی سال میں کینیڈا کے دفاعی اخراجات جی ڈی پی کا 1.39 فیصد ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مسلح افواج بھرتی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں اور پرانے ساز و سامان کی جگہ لینے میں سست روی کا شکار ہیں۔

گذشتہ نومبر میں، بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ سروس ’ایک نازک حالت‘ میں ہے اور 2024 میں اپنے بنیادی فرائض انجام دینے کے قابل نہیں ہو سکتی۔

جسٹن ٹروڈو، جنہوں نے کیرینیاں کو ’تمام کینیڈین شہریوں اور دنیا کے لیے رول ماڈل‘ قرار دیا،  2015 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے پالیسیاں اپنائی ہیں۔

2018  میں انہوں نے برینڈا لکی کو رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کی پہلی خاتون سربراہ مقرر کیا۔

اس کے علاوہ ٹروڈو نے دو خواتین کو آخری دو گورنر جنرل نامزد کیا ہے۔

دنیا کی پہلی آرمی چیف

جنرل کیرینیاں جدید دنیا کی دوسری آرمی چیف ہیں۔ پہلی آرمی چیف ہونے کا اعزاز یورپی ملک سلووینیا کی جنرل الینکا ایرمینچ کے پاس ہے جنہیں 2018 میں ملک کی مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم سلووینیا بہت چھوٹا سا ملک ہے جس کی آبادی 21 لاکھ اور فوج کی تعداد صرف ساڑھے سات ہزار ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین