طلاق کا جشن منانے والی پاکستانی خاتون کو ’دلہن بننے‘ کا شوق تھا

امریکہ میں مقیم پاکستانی خاتون شہروز نور نے اپنے دل کے ارمان پورے کرنے کے لیے دلہن بن کر اپنی شادی کے ختم ہونے کا جشن منایا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں شہروز نور نامی خاتون اپنی 'ڈیووس پارٹی' کی تقریب میں ڈانس کرتے ہوئے۔ (تصویر: شہروز نور/ انسٹاگرام)

کورٹ میرج کی، لیکن نہ نکاح کیا اور نہ ہی شادی کی باقاعدہ تقریبات ہوئیں۔ امریکہ میں مقیم پاکستانی خاتون شہروز نور نے اپنے دل کے ارمان پورے کرنے کے لیے دلہن بن کر اپنی شادی کے ختم ہونے کا جشن منایا۔

سوشل میڈیا پر کچھ دن سے ایک ویڈیو وائرل ہے، جس میں امریکہ میں مقیم ایک پاکستانی خاتون لہنگا پہنے اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی ’ڈیووس پارٹی‘ (طلاق کی پارٹی) کا جشن منا رہی ہیں۔ ویڈیو میں بالی وڈ گانوں پر ڈانس کرتی شہروز کے دوست ان پر پیسوں کی برسات بھی کر رہے ہیں۔

شادی ختم کرنے کے اس انداز کو جہاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا گیا وہاں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

مدیحہ حسین نامی صارف نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی ان کی ڈانس کی ویڈیو پر لکھا کہ ’ طلاق یافتہ بیٹی مردہ بیٹی سے بہتر ہے۔ اس کے دوستوں کو اس کا یوم آزادی منانے پر خراج تحسین۔‘

زہرا جہان کا کہنا تھا کہ ’ اگر یہ کسی تکلیف دہ رشتے سے گزری ہے تو یہ ردعمل ٹھیک ہے۔ اس کی خوشی اہمیت رکھتی ہے۔‘

زوہیب نامی صارف نے اس عمل کو ایک سنجیدہ مسئلے کا مذاق بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’ طلاق کوئی جشن منانے کا واقعہ نہیں ہے، یہ آپ کی زندگی کے لیے ایک چیلنج ہے، یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ اور شادی کے رشتے میں عدم اخلاص کو ظاہر کرتا ہے‘

فائک خان نے لکھا کہ بہت جلد ایسے لوگ موت کا جشن بھی منائیں گے۔

شہروز نور نے ان تمام الزامات اور تنقید کا جواب اپنی انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے دیا، انہوں نے اپنی سٹوریز میں اپنی آڈیو کے ذریعے اپنی شادی کی حقیقت بتائی۔

ان آڈیوز میں ان کا کہنا تھا کہ ’ان کو اس رشتے سے نکلنے میں بہت وقت لگ گیا، انہوں نے اپنی شادی کی تقریبات  کی بہت منصوبہ بندی کی تھی، لیکن وہ شادی ہوئی ہی نہیں، نہ ہی اس شخص نے میرے سے نکاح کیا اور نہ ہی کوئی تقریبات کیں، اس نے مجھ سے صرف کورٹ میں شادی کی۔‘

انہوں نے کہا کہ مجھےاس جشن کی بہت ضرورت تھی، کیونکہ اس نے مجھے میری شادی کی خوشی نہیں دی تو یہ طلاق کی تقریب اس کے منہ پر ایک تھپٹر تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجھے جانتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ مجھے شادی کا کتنا جنون تھا، میں نے پوری زندگی اپنی شادی کا انتظار کیا، لیکن جس انسان کا میں نے انتخاب کیا اس شخص اور اس کے خاندان نے وعدے کرنے کے بعد بھی شادی کی کوئی تقریب نہیں دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس لیے میری اس پارٹی کی تھیم شادی تھی، میں دلہن بن کر آئی، میں نے اور میرے دوستوں نے اپنے ہاتھوں سے اس پارٹی کی سجاوٹ کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں 13 سال سے اپنی ماں کی دیکھ بھال کر رہی ہوں، اور شادی کے بعد اس شخص کا خرچہ بھی میں اٹھاتی رہی ہوں، میں ہی جانتی ہوں کہ میں کیسے اپنے پیروں پر واپس کھڑی ہوئی ہوں، اس سب میں 20 ماہ لگ گئے کیونکہ وہ ( سابقہ شوہر) کیس کے بیچ میں ملک چھوڑ کر چلا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں اپنا نکاح چاہتی تھی لیکن ایسا کبھی ہوا ہی نہیں۔ شہروز نے اپنی سٹوریز میں اپنے سابقہ شوہر اور ان کی فیملی کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جو اب امریکہ چھوڑ کر دبئی میں مقیم ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ