فلسطین سے اظہار یکجہتی، پاکستان میں جمعے کو یوم سوگ

حکومت اور اتحادی جماعتوں نے اسرائیلی جارحیت کے شکار فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعے کو یوم سوگ کے علاوہ اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

15 اگست، 2019 کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر پاکستانی پرچم انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی خودمختاری ختم کیے جانے پر سرنگوں رکھا گیا ہے (اے ایف پی)

پاکستان کی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے ’فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت‘ کی مذمت کرتے ہوئے جمعے کو ملک بھر میں یوم سوگ منانے اور حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم آفس کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق آج ’وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔‘

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ق، پاکستان مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی کے سربراہان و سینیئر نمائندے شریک ہوئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق فلسطین کی حالیہ صورت حال پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اعلامیے میں شرکا نے فلسطین میں نو ماہ سے نہتے لوگوں پر جاری ’اسرائیلی ظلم و بربریت‘ پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق: ’شرکا نے اسرائیلی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور تہران میں حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔‘

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ’یہ واقعہ فلسطینیوں پر جاری ظلم و بربریت بند کرنے اور خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ایسے واقعات دنیا کے امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں مزید کشیدگی کی فضا کو ہوا دیتے ہیں۔‘

اعلامیے میں پرزور مطالبہ کیا گیا کہ ’نہتے فلسطینیوں کی فوری طور پر انسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔‘

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’پاکستان فلسطین کو امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا اور مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے گا جس کے تحت فلسطینی زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے پاکستان لایا جائے گا۔‘

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں داخلہ دیا جائے گا۔

اجلاس نے ’اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کی دوٹوک مذمت کے طور پر کل (جمعے کو) پاکستان بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا۔‘

بیان کے مطابق: ’اجلاس میں کل بعد از نمازِ جمعہ پورے ملک میں اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کرنے اور پارلیمنٹ میں فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک خصوصی قرارداد پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان