بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، نسیم شاہ کی 13 ماہ بعد واپسی

انتہائی مصروف سیزن میں شاہین شاہ آفریدی کے ’ورک لوڈ کو سنبھالنے‘ کے پیش نظر سعود شکیل کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

پاکستان کے تیز بولر نسیم شاہ دو جنوری، 2023 کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ایکشن میں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے، جس میں تیز گیند باز نسیم شاہ کی 13 مہینوں بعد واپسی ہوئی ہے۔

دو میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 21 اگست سے راول پنڈی میں ہو گا، جس کے بعد 30 اگست سے کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ ہوگا۔

پاکستان ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نائب کپتان ہیں۔

سعود کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان بنایا گیا ہے، جو آسٹریلیا دورے پر یہ ذمہ داری ادا کر رہے تھے۔

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ 

سکواڈ میں تین نئے کھلاڑی شامل ہیں۔ کامران غلام، محمد علی، اور محمد ہریرہ کو ان کی شاندار ڈومیسٹک پرفارمنس پر سکواڈ میں جگہ ملی ہے۔

سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال (فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف پاکستان سکواڈ کا حصہ رہنے والے امام الحق، فہیم اشرف، حسن علی (زخمی)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر (زخمی)، نعمان علی اور ساجد خان ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی نے بنگلہ دیش ’اے‘ کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا بھی اعلان کیا ہے۔

سعود شکیل ٹیم کی قیادت کریں گے جس میں ٹیسٹ سکواڈ کے آٹھ ممکنہ کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز میں سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، سمین گل، سرفراز احمد (وکٹ۔ کیپر) اور عمر امین شامل ہیں۔

ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی میں ٹیسٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ 11 اگست سے راول پنڈی میں شروع ہوگا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی 17 اگست کو اسلام آباد آمد متوقع ہے۔

پاکستان ٹیم کو 21 اگست، 2024 سے پانچ اپریل، 2025 تک نو ٹیسٹ، 14 ٹی ٹوئنٹی اور کم ازکم 17 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ