پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں کشیدہ صورت حال کے باعث ان کی اے کرکٹ ٹیم بدھ (سات اگست) کو پہلے سے طے دورے پر اسلام آباد نہیں پہنچ رہی، جب کہ دونوں ملکوں کی قومی ٹیموں کے درمیان 17 اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا مستقبل بھی مشکوک نظر آ رہا ہے۔
بنگلہ دیش کی اے کرکٹ ٹیم نے بدھ کو پاکستان کے دورے پر پہنچنا تھا، جس میں دونوں ملکوں کی اے کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو چار روزہ اور تین ون ڈے میچ کھیلے جانا تھے جبکہ بنگلہ دیش اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان 17 اگست سے ٹیسٹ سیریز شروع ہونا تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سمیع برنی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا: ’بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اے کرکٹ ٹیم کو سات اگست کی صبح اسلام آباد بجھوانا تھا۔ یہاں انہوں نے پاکستان کی اے کرکٹ ٹیم سے میچوں کی سیریز کھیلنا تھی۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث ان کی ٹیم ایئر پورٹ نہیں پہنچ سکی۔
’ان کے کرکٹ بورڈ سے ہم مسلسل رابطے میں ہیں۔ ہم نے انہیں 48 گھنٹے کا وقت دیا تھا کہ جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے آپ تب ہمارے ساتھ نیا شیڈول طے کر لیں۔‘
سمیع برنی نے مزید بتایا کہ ’بنگلہ دیش کی قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم نے 17 اگست کو پاکستان پہنچنا ہے، کیونکہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ ان کے ٹیسٹ سیریز 21 اگست کو شروع ہونا ہے۔‘
پی سی بی حکام کے مطابق: ’بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ان کے ملک میں حالات خراب ہونے کے باعث کرکٹ سٹیڈیم بند ہیں، اس لیے کھلاڑی اس سیریز کے لیے پریکٹس نہیں کر سکے۔‘
ترجمان نے بتایا کہ ’پی سی بی نے بنگلہ دیش کو پیش کش کی ہے کہ وہ اگر چاہیں تو سیریز شروع ہونے سے قبل پاکستان آجائیں اور یہاں پریکٹس کر کے سیریز شروع کی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کافی عرصہ کے بعد کرکٹ سیریز ہونا ہے، جس سے دونوں ملکوں کی کرکٹ کو فروغ مل سکتا ہے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل بنگلہ دیشی سکیورٹی اہلکاروں نے بھی پاکستان آنا ہے۔
اے ٹیم کی سیریز کے علاوہ ٹیسٹ میچز انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہیں۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان کا کام ہے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سکیورٹی کے حوالے سے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کے لیے تین الگ الگ سکواڈز کے لیے دو کپتانوں کا اعلان پہلے ہی کر چکا ہے، جب کہ پاکستانی ٹیم کا اعلان ہونا باقی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کچھ روز قبل جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بنگال ٹائیگرز کے اوپنر انعام الحق بیجوئے کو پاکستان کے خلاف دو چار روزہ میچز کی سیریز کے لیے بنگلہ دیش اے، جب کہ توحید ہردوئے کو تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی سی بی سمیع برنی کے بقول: ’بنگلہ دیش میں کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں میں کرکٹ سیریز کا شیڈول ضرور تبدیل ہو سکتا ہے مگر مقابلے منعقد کروانے کے لیے پوری کوشش کی جا رہی ہے۔‘
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف ملک بھر میں گذشتہ ایک مہینے سے شدید احتجاج کا سلسلہ جاری تھا، جس میں سینکڑوں افراد جان سے گئے اور متعدد دوسرے زخمی بھی ہوئے۔
حسینہ واجد نے ملک گیر احتجاج کے نتیجے میں پیر کو بحیثیت وزیراعظم عہدے سے استعفیٰ دے کر پڑوسی ملک انڈیا کا رخ کر لیا تھا۔