’اگلا ہدف عالمی ریکارڈ ہے:‘ ایوانِ وزیراعظم میں تقریب، ارشد ندیم پر اعزازات کی بارش

وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ کی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی ایک سڑک بھی ان کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کی شب ایک تقریب کے دوران  پیرس اولمپکس میں برسوں بعد طلائی تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ اعلان وزیر اعظم ہاؤس میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے گولڈ میڈل جیتنے پر اسلام آباد کی سڑک ارشد ندیم کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے اسلام آباد سٹیڈیم میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس سینٹر، ان کے کوچ کے لیے ایک کروڑ روپے اور ایک ارب روپے کے سپورٹس فنڈ کا اعلان بھی کیا۔

ارشد ندیم کو پاکستان فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے منگل کو اسلام آباد لایا گیا جہاں ان کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ارشد ندیم کے ہمراہ ان کے گھر والے بھی اسلام آباد آئے ہیں اور وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اس تقریب میں شریک بھی ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ’حوصلہ افزائی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے میڈل سے زیادہ عزت دی گئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اللہ نے گولڈ میڈل دلوا دیا اور ریکارڈ بھی بنوا دیا، اب دعا کریں اور میں کوشش کروں گا کہ ورلڈ ریکارڈ بناؤں۔‘

ارشد ندیم نے اپنے ماضی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’میں نے آل پنجاب کرکٹ کھیلی اور بڑے بھائی ایٹھلیٹ تھے، تو انہوں نے کہا کہ اتنی محنت کرتے ہو اور اس میں آگے جانا مشکل ہے، کرکٹ چھوڑیں ایتھلیٹکس میں آ جائیں۔‘

اس سے قبل عطا تارڑ نے منگل کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ’14 اگست کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ارشد ندیم مل کر پرچم کشائی کریں گے۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے صحافیوں کو بتایا کہ ارشد ندیم 14 اگست کی مرکزی تقریب میں موجود ہوں گے جہاں ’قومی ہیرو کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا۔‘

ان کے مطابق ’ارشد ندیم کا کارنامہ 1992 کے ورلڈکپ سے بھی بڑا ہے۔ ارشد کی وجہ سے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند ہوا، اور انہوں نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔‘

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ’ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر پوری قوم خوش ہے۔ پاکستان کا 40 سال بعد ایسا اعزاز حاصل کرنا خوشی کا مقام ہے۔ ارشد کی کامیابی کے ساتھ ان کے کوچ بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی منگل کو ارشد ندیم کے گھر کا دورہ کیا ہے اور انہیں ’انعامات سے نوازا ہے۔‘

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز نے ارشد ندیم کو ’10 کروڑ روپے کا چیک‘ اور ’پی اے کے 92.97 ریجسٹریشن نمبر کے ساتھ گاڑی‘ کی چابی بھی بطور انعام دی۔

پاکستان کے لیے اولمپک مقابلوں میں تمغوں کا 32 سال سے جاری قحط اس وقت ختم ہوا تھا جب ارشد ندیم نے آٹھ اگست 2024 کو پیرس اولمپکس کے مینز جیولن تھرو میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

پاکستان نے 1992 سے اولمپکس میں کوئی تمغہ نہیں جیتا تھا جبکہ اس نے سونے کا میڈل آخری بار 40 سال پہلے حاصل کیا تھا۔

پیرس اولمپکس میحں مینز جیولن کے فائنل میں ارشد ندیم نے 110.0 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 92.97 میٹر کی تھرو کر کے ناصرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

اس بڑی کامیابی کے بعد ارشد ندیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وطن واپس پہنچے تو لاہور ایئرپورٹ پر ان کا شاندار اسستقبال کیا اور بعد میں انہیں قافلے کی صورت میں ان کے آبائی علاقے میاں چنوں لے جایا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل