پشین: پولیس سٹیشن کے قریب بم دھماکہ، دو بچے جان سے گئے

بلوچستان کے ضلع پشین کی انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے۔

سات فروری، 2024 کو کوئٹہ سے تقریباً 50 کلومیٹر دور پشین میں بم دھماکے کے مقام سے سکیورٹی اہلکار شواہد اکٹھے کر رہے ہیں (اے ایف پی/بنارس خان)

بلوچستان کے ضلع پشین کی انتظامیہ کے مطابق ہفتے کی صبح ایک بم دھماکے میں دو بچے جان سے گئے، جب کہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع پشین کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ دھماکہ صبح 11 بجے کے قریب سرخاب چوک میں ہوا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین منتقل کر دیا گیا، جہاں لائے گئے دو بچوں کو مردہ قرار دیا گیا۔

شہر کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منظور بلیدی نے روئٹرز کو بتایا کہ پشین میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سات پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ایک اور پولیس افسر مجیب الرحمان نے بتایا کہ ’دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا جو اس علاقے میں کھڑی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب دھماکہ ہوا تو قریب سے گزرنے والے دو بچے جان سے گئے۔

ٹیچنگ ہسپتال پشین کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق دھماکے کے متاثرین میں سے دو بچے جان سے گئے، جب کہ 14 زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے ہسپتالوں کو ریفر کر دیا گیا۔

مذمت

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پشین میں پولیس لائنز اور پولیس سٹیشن کے کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں کم سن بچوں کی جانیں جانے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسلام آباد میں ایوان وزیراعظم سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیرِاعظم نے دھماکے کے ذمہ افراد کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوائے جانے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ ’کم سن بچوں پر حملہ آور ہونے والے بزدل دھشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں۔‘

بیان میں مزید کہا کہ ’ملک سے دھشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔‘

دوسری طرف وزارت داخلہ سے جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشین میں پولیس لائنز کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

’یہ پاکستان کی بقا اور نئی نسلوں کو پر امن اور محفوظ پاکستان دینے کی جنگ ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان