فوج کے کڑے احتسابی نظام سے کوئی شخص بالاتر نہیں: کور کمانڈرز

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ’فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔‘

جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں منگل کو کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا (آئی ایس پی آر)

پاکستان فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس نے منگل کو کہا کہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام میں عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔

جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں منگل کو کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس کے بعد آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ ’پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنیٰ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔

’فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔‘

اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ’فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔‘

بلوچستان صورت حال

کانفرنس کے دوران بلوچستان حملوں میں جان سے جانے والے فوجی، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فورم کو خطے کی صورتحال، پاکستان کی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ’بڑھتے ہوئے خطرات‘ کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’فورم نے ملک میں، خصوصاَ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہو لت کاروں کی سرگرمیوں اور اس کے تدارک کے لیے کیے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔‘

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے انسداد دہشت گردی کے لیے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔‘

بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔‘

کور کمانڈرز فورم نے ’سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان