پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر فراز منان کو بزنس آف فیشن (BoF) کی سالانہ 500 کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جو عالمی فیشن انڈسٹری میں سب سے زیادہ بااثر افراد کی پہچان کرتی ہے۔
BoF 500 بزنس آف فیشن میگزین کے ذریعے مرتب کی جاتی ہے، مختلف شعبوں جیسے لگژری برانڈز، ہائی سٹریٹ فیشن، میڈیا، ٹیکنالوجی اور پائیداری کے ماہرین کے کام کو تسلیم کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فراز منان نے 2003 میں اپنے کیریئر کا آغاز بطور فیشن ڈیزائنر کیا اور تب سے وہ اپنے نام کے برانڈ ’فراز منان‘ کے تحت ملک کے صف اول کے ڈیزائنرز میں شمار ہوتے ہیں۔ کئی معروف بالی وڈ اداکاراؤں جیسے کرینہ کپور، دپیکا پڈوکون، سری دیوی، عالیہ بھٹ اور کیارا ایڈوانی نے ان کے ملبوسات پہنے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
منان نے جمعے کو اپنے انسٹاگرام پروفائل پر لکھا ’عالمی فیشن انڈسٹری کی تشکیل کرنے والے افراد کی BoF 500 فہرست کا حصہ بننے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔‘
BoF 500 نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ منان پاکستان فیشن انڈسٹری کی نمایاں شخصیات میں سے ایک ہیں اور جنوبی ایشیا کے وسیع خطے میں عروسی اور رسمی لباس کے خریداروں کے لیے ’گو-ٹو‘ شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔
2015 میں منان دبئی میں بوتیک کھولنے والے پہلے جنوبی ایشیائی ڈیزائنرز میں سے ایک بنے اور 2024 تک ان کے برانڈ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دنیا بھر سے ایک ملین سے زائد فالوورز جمع ہو چکے تھے۔
بالی وڈ کی اشرافیہ کی طرف سے منان کے کام کی تعریف نے ان کے برانڈ کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک ثقافتی پل بنا دیا ہے، جہاں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے ثقافتی تبادلے شاذونادر ہوتے ہیں۔