سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے علیحدہ پیغامات میں ڈونلڈ ٹرمپ میں امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
شاہ سلمان نے ٹرمپ کو ان کی کوششوں میں کامیابی اور امریکی عوام کی مزید ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے دونوں دوست ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کی بھی تعریف کی اور تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی مشترکہ خواہش پر زور دیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو جیت پر مبارکباد پیش کی اور امریلی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ٹرمپ کی کوششوں میں کامیابی کی خواہش ظاہر کی۔
افغانستان کی امریکہ کے ساتھ تعلقات کے ’نئے باب‘ کے آغاز کی خواہش
افغان طالبان کی حکومت نے بدھ کو امید ظاہر کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں جیت کے بعد امریکہ سے تعلقات کا ’نیا باب‘ شروع ہوگا۔
افغان عبوری حکومت کے دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’دونوں ممالک کے تعلقات میں واضح پیش رفت ہوگی اور دونوں ممالک باہمی روابط کی روشنی میں تعلقات کے نئے باب کا آغاز کر سکیں گے۔‘
نتن یاہو کی ٹرمپ کو ’تاریخ کی سب سے بڑی واپسی‘ پر مبارکباد
اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے بدھ کو ٹرمپ کی جیت کو ’تاریخ کی سب سے بڑی واپسی‘ سے تعبیر کیا ہے اور اسے امریکہ اور اسرائیل کے اتحاد کے نئے دور کے آغاز سے تشبیہ دی ہے۔
’وائٹ ہاؤس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکہ کے لیے ایک نئی شروعات اور اسرائیل اور امریکہ کے درمیان عظیم اتحاد کے لیے ایک مضبوط عزم پیش کرتی ہے۔‘
پاکستان امریکہ تعلقات بہتر ہوں گے: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں ان کا کہنا ہے کہ ’منتخب صدر ٹرمپ جمہوریت اور انسانی حقوق کے باہمی احترام پر مبنی پاک امریکہ تعلقات کے لیے بہتر ہوں گے۔ ہمیں امید ہے کہ وہ عالمی سطح پر امن، انسانی حقوق اور جمہوریت کے لیے زور دیں گے۔‘
عمران خان ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور غالب امکان ہے کہ ان کا ایکس ہینڈل کوئی اور ان کی مرضی سے استعمال کر رہا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم کی صدر ٹرمپ کو مبارکباد
اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ’دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔‘
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو ’تاریخی واپسی اور انتخاب‘ پر مبارک باد دی۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ امریکی عوام نے انہیں شاندار فتح سے نوازا ہے اور یہ جنگ کے خلاف دی گئی ایک کامیابی اور مینڈیٹ ہے۔
بلاول بھٹو نے امید ظاہر کی کہ نئی انتظامیہ امن کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی اور عالمی تنازعات کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور امریکی صدر جیت آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے لیے معاون ثابت ہوگی۔