کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش بم دھماکے میں 26 افراد جان سے گئے

وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کی ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر ہفتے کی صبح خودکش بم دھماکے میں ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال کے عملے کے مطابق 26 افراد جان سے گئے جبکہ 60 زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کوئٹہ میں سنڈیمن پراونشل ہسپتال کے ترجمان وسیم بیگ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ’14 سکیورٹی اہلکار اور 12 شہری مارے گئے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہسپتال کے ترجمان نے مزید کہا کہ خود کش حملے میں سکیورٹی فورسز کے 46 ارکان اور 14 شہری زخمی بھی ہوئے۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے اس سے قبل انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ دھماکے میں 24 افراد جان سے گئے جبکہ 37 زخمی ہوئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز محمد بلوچ کا کہنا تھا کہ ’دھماکہ اس وقت ہوا جب پشاور جانے والے ایکسپریس ٹرین سٹیشن پر موجود تھی۔‘

صوبائی حکومت کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز موقعے پر پہنچ گئیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے شواہد اکٹھے کا کام شروع کیا جبکہ شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے کوئٹہ میں نامہ نگار عامر باجوئی سے گفتگو میں کہا کہ ’ایک دہشت گرد تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔‘

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اپنے ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کمشنر کوئٹہ کے مطابق جان سے جانے والوں اور زخمیوں میں زیادہ تعداد سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں، بہاولپور اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’شہر میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔‘

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سعد بن اسد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’دہشت گردی کے حوالے سے پہلے سے تھریٹ تھا اور انتظامیہ الرٹ تھی۔‘

ایک نوجوان عینی شاہد، جن کے چچا دھماکے میں جان سے گئے، نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’مجھے اپنے چچا کے ساتھ سفر کرنا تھا، جب ہم لوگ یہاں پر پہنچے تو روانگی میں تھوڑا وقت باقی تھا۔ میں ناشتے کے لیے چیزیں لینے دکان کی طرف گیا۔ اس دوران زور دار دھماکہ ہوا لوگ بھاگنا شروع ہو گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے بھگدڑ مچ گئی۔‘

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان