انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے سپن بولر نعمان علی اکتوبر 2024 کے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار پائے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نعمان علی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سیریز میں پاکستان کی دو، ایک کی سنسنی خیز فتح میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا۔
بائیں بازو کے بولر نعمان نے دو ٹیسٹ میچوں میں 13.85 کی اوسط سے مجموعی طور پر 20 وکٹیں حاصل کیں۔
اس ایوارڈ کے لیے نعمان علی کے مقابلے میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے سپنر مچل سینٹنر تھے تاہم پاکستانی بولر نے دونوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
گذشتہ سال اگست میں بابر اعظم کو ملنے والے ایوارڈ کے بعد نعمان علی یہ ایوارڈ جتنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں۔
نعمان نے ایوارڈ جیتنے کے بعد اپنے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ابتدائی شکست کے باوجود پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے میں مدد کی۔
نعمان علی نے کہا کہ مجھے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ نامزد ہونے پر خوشی ہے اور میں اپنے تمام ساتھی کرکٹرز کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تاریخی ہوم ٹیسٹ سیریز جیتنے میں میری بہترین کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا: ’اپنے ملک کے لیے ایسی یادگار جیت کا حصہ بننا ہمیشہ پرجوش ہوتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نعمان نے اکتوبر میں اپنے دو ٹیسٹ میچوں میں بالترتیب 11 اور نو وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو تقریباً چار سال بعد کسی ٹیسٹ میچ اور سیریز میں فتح سے ہمکنار کرایا۔
ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے بلے بازوں نے انگلینڈ کو 297 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن نعمان کی تباہ کن بولنگ کے آگے بیزبال کا جادو ماند پڑ گیا اور مہمان ٹیم شکست سے دوچار ہوئی اور پاکستان کو 2021 کے بعد ہوم سرزمین پر پہلی ٹیسٹ جیت نصیب ہوئی۔
نعمان نے راولپنڈی میں سیریز کے آخری مقابلے میں بونگ کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی اپنا حصہ ڈال کر نو وکٹوں سے تاریخی جیت درج کرائی۔