پاکستان، انگلینڈ کے بقیہ ٹیسٹ میچوں میں بابر اور شاہین کو آرام دینے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سرفراز احمد کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کے عامر جمال اپنی ٹیم کے ساتھیوں بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ 8 اکتوبر 2024 کو انگلینڈ کے کپتان اولی پوپ کو آوٹ کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ سلیکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچوں کے لیے اپنے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جو بالترتیب 15 اور 24 اکتوبر کو ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق اہم کھلاڑیوں کی موجودہ فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے اور 2024-25 کے بین الاقوامی کرکٹ سیزن میں پاکستان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابرار احمد، جو ڈینگی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اس انتخاب کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ’چاروں کھلاڑیوں کی جگہ حسیب اللہ، مہران ممتاز، کامران غلام ، فاسٹ بولر محمد علی اور آف اسپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔

’نعمان علی اور زاہد محمود، جو ابتدائی طور پر سکواڈ کا حصہ تھے اور بعد میں ریلیز کر دیے گئے تھے، کو بھی 16 کھلاڑیوں کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔‘

اعلامیے میں بتایا گیا کہ سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود شامل ہیں۔

مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کے لیے ایک مشکل کام رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہمیں کھلاڑیوں کی موجودہ شکل، سیریز میں واپسی کی عجلت اور پاکستان کے 2024-25 کے بین الاقوامی شیڈول پر غور کرنا تھا۔ ان عوامل کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور پاکستان کرکٹ کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں  ہم نے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

’ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے اس وقفے سے ان کھلاڑیوں کو ان کی فٹنس، اعتماد اور سکون بحال کرنے میں مدد ملے گی، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے بہترین شکل میں واپس آئیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم حسیب اللہ، مہران ممتاز، اور کامران غلام جیسے ان کیپڈ (جنہیں ٹیسٹ کیپ نہیں ملی) کھلاڑیوں کو محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کے ساتھ مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اب ان کے پاس انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ اس موقع پر پورا اتریں گے اور بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔‘

حسیب اللہ اور مہران ممتاز، جو ائی سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے، کی جگہ معاذ صداقت اور روحیل نذیر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

آئی سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 18 اکتوبر سے اومان میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ