شاہ رخ خان کو دھمکی دینے والا مبینہ ملزم گرفتار

ممبئی پولیس نے منگل کو بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ایک وکیل کو چھتیس گڑھ ریاست سے گرفتار کر لیا۔

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان 26 مئی 2024 کو چنئی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ ٹوئنٹی 20 فائنل کرکٹ میچ میں اپنی ٹیم کی جیت کے بعد مداحوں کو مبارکباد دے رہے ہیں (اے ایف پی) 

ممبئی پولیس نے منگل کو بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ایک وکیل کو چھتیس گڑھ ریاست سے گرفتار کر لیا۔

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق: ’سات نومبر کو ممبئی پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے چھتیس گڑھ  کے دارالحکومت رائے پور کا دورہ کیا اور اس کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے فیضان خان نامی وکیل کی تلاش کی۔‘

رائے پور کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش سنگھ نے ایک بیان میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا: ’ممبئی پولیس نے منگل کی صبح رائے پور میں شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال کرنے والے فیضان خان کو رائے پور سے گرفتار کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اداکار کو دھمکی آمیز کال فیضان کے نام پر رجسٹرڈ فون نمبر سے کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پوچھ گچھ کے دوران مبینہ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ ان کا فون کھو گیا تھا اور اس سلسلے میں انہوں نے دو نومبر کو کھامرڈیہ پولیس سٹیشن میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔‘

سنتوش سنگھ نے کہا کہ ممبئی پولیس فیضان کو رائے پور کی عدالت میں پیش کرکے ان کا ٹرانزٹ ریمانڈ طلب کرے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مشتبہ شخص سے متعلق مزید تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔

گذشتہ ہفتے ممبئی میں مقیم شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی۔ فون کرنے والے نے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے ایک ٹیم کو رائے پور روانہ کیا۔

شاہ رخ خان کو یہ دھمکی بالی وڈ  کے ایک اور سٹار سلمان خان کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیوں کے بعد دی گئی ہے۔

ممبئی ٹریفک کنٹرول روم کو جمعرات کی رات دیر گئے سلمان کے لیے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا۔ گینگ کے مبینہ ارکان نے ایک مہینے کے اندر سلمان خان کے دوست نغمہ نگار کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی۔

پیغام میں کہا گیا تھا کہ ’گانے لکھنے والے کی حالت اتنی خراب ہو جائے گی کہ وہ اپنے نام سے گانا بھی نہیں لکھ سکے گا۔ اگر سلمان خان میں ہمت ہے تو اسے بچا لے۔‘

پولیس اس شخص کی بھی تلاش کر رہی ہے اور نمبر ٹریس کر رہی ہے۔

ان دھمکیوں کے بعد دونوں اداکاروں کو کچھ عرصے سے سخت سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم