بلوچستان سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ زنیرہ قیوم نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ 29 ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 29 میں دنیا کے کئی ممالک کے مندوبین نے شرکت کی، جہاں زنیرہ قیوم نے بھی پاکستان کی طرف سے سب سے کم عمر مندوب کے طور حصہ لیا اور ’گرین سکلز: نوجوان لوگ کیا چاہتے ہیں؟‘ کے نام سے منعقدہ سیشن میں خیالات کا اظہار کیا۔
زنیرہ قیوم یونیسف کے لیے بطور ’موسمیاتی چیمپیئن‘ اور ’بچوں کے حقوق کے نمائندہ‘ کے طور کام کررہی ہیں۔
یونیسیف نے انہیں ان کی محنت اور لگن کی وجہ سے پاکستانی مندوب کے طور اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کا موقع دیا۔
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں زنیرہ قیوم نے بتایا کہ ’میں آٹھویں جماعت کی طالبہ ہوں اور بچوں کے حقوق، تعلیم، صحت اور غذائیت پر کام کر رہی ہوں، جس کے نتیجے میں یونیسیف نے مجھے مندوب کے طور 29 ویں عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کا موقع دیا۔
’کوپ 29 کانفرنس میں شرکت کر کے مجھے ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات کے حوالے سے کافی علم ہوا۔ کوپ 29 میں میں نے کئی کانفرنسز، پینل ڈسکشنز اور دوسرے سیشنز میں حصہ لیا۔‘
زنیرہ نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں بچوں، خواتین اور لڑکیوں پر پڑے اثرات کے حوالے سے اپنے تجربات کانفرنس میں شیئر کیے اور پینل گفتگو میں لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’اس کانفرنس میں پاکستان نے ایک یادداشت پر دستخط کیے، جس میں ماحولیاتی تبدیلی اور بچوں کی تعلیم اور صحت پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ میرا تجربہ تھا جو میرے لیے فخر کی بات ہے اور بچوں کو میرا یہی پیغام ہے کہ وہ محنت کریں، آگے بڑھیں اور معاشرے کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
’بطور کم عمر ترین مندوب میری گزارش ہے کہ بچے اور نوجوان قوم کے مستقبل ہیں سو ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے اپنے مثبت کردار ادا کریں۔‘
زنیرہ بلوچ نے معاشرتی رکاوٹوں کے باوجود بلوچستان جیسے صوبے سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور آج اس مقام پر پہنچ چکی ہیں۔
بلوچستان میں 30 لاکھ بچے سکول جانے سے قاصر ہیں اور زنیرہ انہی بچوں کو موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مسائل پر تعلیم دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
اقوام متحدہ کی کانفرنس کوپ 29 میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ساتھ شرکت کی تھی۔