کراچی میں درجہ حرارت نو ڈگری لیکن گرمی تاحال برقرار

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رواں ہفتے درجہ حرارت نو اعشاریہ دو ریکارڈ کیا گیا، مگر شہریوں کے مطابق تاحال انہیں سردی محسوس نہیں ہو رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رواں ہفتے درجہ حرارت نو اعشاریہ دو ریکارڈ کیا گیا، مگر شہریوں کے مطابق تاحال انہیں سردی محسوس نہیں ہو رہی۔

پاکستان کے بالائی علاقوں میں نومبر سے ہی موسم سرما کا آغاز ہو جاتا ہے لیکن سندھ کے میدانی علاقے اور خصوصاً دارالحکومت کراچی کے لوگ سال کے آخر تک سردیوں کے موسم کا انتظار کرتے رہتے ہیں، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اب صورت حال تبدیل ہو رہی ہے۔

رواں برس نومبر کے آخری ہفتے تک شدید گرم رہنے والے کراچی شہر میں دسمبر کے آغاز سے موسم کچھ سرد ہونا شروع ہوگیا اور محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے دوسرے ہفتے کے دوران منگل (10 دسمبر) کی رات کو کراچی میں درجہ حرارت نو اعشاریہ دو تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات سندھ کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے انڈپینڈنٹ اردو  کو بتایا: ’اس وقت پاکستان میں کولڈ ویو چل رہی ہے، جس کے زیر اثر ملک کے بالائی حصوں سمیت مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت سنگل عدد یعنی نو اعشاریہ دو تک ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں عام طور پر سنگل عدد درجہ حرارت دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں ریکارڈ کیا جاتا ہے، مگر اس بار دوسرے ہفتے میں میں ریکارڈ کیا گیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت آنے والے 15 دنوں میں کم رہنے کا امکان ہے اور شہر میں گذشتہ دو روز سے پارہ 11 ڈگری تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

عام طور پر گرم رہنے والے کراچی شہر میں کم درجہ حرارت ریکارڈ ہونے کے باجود شہریوں کا کہنا ہے کہ تاحال شہر میں سردی محسوس نہیں ہو رہی۔

لائٹ ہاؤس مارکیٹ کے سامنے لیموں پانی کا ٹھیلہ لگانے والے نادر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’کراچی میں سردی تب محسوس ہوتی ہے جب کوئٹہ سے ہوائیں چلتی ہے، مگر درجہ حرارت کم ریکارڈ ہونے کے باجود کراچی میں سمندری ہوائیں چل رہی ہے، اس لیے ابھی تک شہر میں سردی محسوس نہیں ہوتی۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’کراچی میں لوگ ابھی تک لیموں پانی پی رہے ہیں۔ درجہ حرارت کم ریکارڈ ہونے کے باجود لیموں پانی کی فروخت میں کمی نہیں آئی، اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ کراچی میں ابھی تک سرد موسم کا آغاز نہیں ہوا۔‘

ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی بلڈنگ کے سامنے چورنگی پر موجود ٹریفک پولیس کے اہلکار محمد الیاس نے بتایا کہ کراچی میں درجہ حرارت کم ہونے کے باجود تاحال گرمی محسوس ہوتی ہے اور ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہوئے پسینہ نکل آتا ہے۔

اسی طرح ناظم مہر نامی شہری نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں تھے تو وہاں اچھی خاصی سردی تھی، لیکن جب وہ کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں گرمی کے باعث اپنا کوٹ اتارنا پڑا۔

ناظم مہر کے مطابق: ’درجہ حرارت کم ریکارڈ تو ہوتا ہے مگر کراچی میں موسم تاحال گرم ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات