چیمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہو گی، انڈیا نیوٹرل مقام پر کھیلے گا: آئی سی سی

آئی سی سی نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی ایونٹس میں کھیلے جانے والے میچز کے حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں جبکہ یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 2028 کا وویمن ٹی 20 ورلڈ کپ بھی پاکستان میں ہی کھیلا جائے گا۔

21 نومبر 2024 کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 'آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی' کی نقاب کشائی کی تقریب کے دوران کیمرہ مین تصویر لے رہے ہیں (اے ایف پی)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو بالآخر چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایونٹ کی میزبانی پاکستان ہی کرے گا جبکہ انڈیا اپنے میچز کسی نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔

تاہم آئی سی سی نے فی الحال نیوٹرل مقام کے حوالے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں اور نہ ہی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔

آٹھ ٹیموں پر مبنی یہ ایونٹ آئندہ سال فروری سے مارچ کے درمیان کھیلا جانا ہے جس میں پاکستان (دفاعی چیمپیئن اور میزبان)، انڈیا، افغانستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

جمعرات کو آئی سی سی کی جانب سے 2024-2027 رائیٹس سائیکل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس مدت کے دوران کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان اور انڈیا کے میچز نیوٹرل مقام پر ہی کھیلے جائیں گے۔

ان تین سالوں کے دوران تین آئی سی سی اینوٹس میں سے ایک یعنی چیمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں کھیلی جائے گی جبکہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 انڈیا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 انڈیا کے ساتھ ساتھ سری لنکا میں کھیلا جانا ہے۔

لہذا آئی سی سی کے مطابق ان تمام ایونٹس میں پاکستان اور انڈیا ایک دوسرے کے خلاف نیوٹرل مقام پر کھیلیں گے۔

اس سب کے علاوہ آئی سی سی نے 2028 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھی پاکستان کو دیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 76 واں اجلاس بھی جمعرات کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی سے میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’گورننگ بورڈ نے اپنے گذشتہ اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں کی منظوری دی اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق پیش رفت سے متعلق اپ ڈیٹ حاصل کی گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق: ’چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کو ٹورنامنٹ سے متعلق معاملات پر بریفنگ دی اور ایونٹ کی کامیابی سے میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ گورننگ بورڈ کے اراکین نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر چیئرمین محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے پاکستان کرکٹ کے مفادات کے تحفظ کے لیے ان کی لگن کا اعتراف کیا۔‘

چیئرمین محسن نقوی نے بیان میں کہا کہ ’پہلے دن سے ہی ہماری توجہ پاکستان اور کرکٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے، پی سی بی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے اور تمام تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں۔‘

محسن نقوی نے مزید کہا: ’پاکستان کے اصولی موقف کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا اور ہم اس ایونٹ کے وقار کو برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور ایونٹ تمام حصہ لینے والی ٹیموں کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کے لوگ اپنے ہوم گراؤنڈز پر بین الاقوامی ٹیموں کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جسے لاکھوں لوگ پسند کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اسے سیاست سے پاک رہنا چاہیے۔‘

چیئرمین نقوی نے یقین دلایا کہ ٹورنامنٹ سے پہلے تمام سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہیں کہ سٹیڈیمز بین الاقوامی معیار پر پورا اتریں۔

اس سے قبل گورننگ بورڈ کو قذافی سٹیڈیم لاہور، نیشنل سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کے کاموں پر بریفنگ دی گئی جس پر بورڈ نے جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ