نو مئی: پی ٹی آئی کا فوجی عدالتوں کی سزائیں چیلنج کرنے کا اعلان

رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ ’فری اینڈ فیئر ٹرائل ہونا چاہیے، یہ یک طرفہ فیصلہ انسانی حقوق کے خلاف ہے اور ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘

15 جولائی 2024 کی اس تصویر میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان (بائیں) اور پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر ایوب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران (اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فوجی عدالتوں کی جانب سے نو مئی 2023 کے واقعات میں ملوث افراد کو سنائی گئی سزاؤں کو آئین اور قانون سے متصادم قرار دے کر  چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ نو مئی 2023 کے واقعات میں ملوث 25 افراد کو تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد دو سے 10 سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

نو مئی، 2023 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور پاکستان فوج نے اپنا موقف واضح کر رکھا ہے کہ ذمہ داران کو آئین کے مطابق سزا دینا پڑے گی۔

ہفتے کو ان سزاؤں کے اعلان کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما عمر ایوب خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’دنیا کے کسی بھی مذہب معاشرے میں فوجی عدالتیں سویلنز کا نہ ٹرائل کرتی ہیں، نہ فیصلہ سناتی ہیں۔ آج ملٹری کورٹس نے پاکستان تحریک انصاف کے نہتے لوگوں کے خلاف جو فیصلہ سنایا ہے یہ بہت سیاہ ترین فیصلہ ہے۔ اس کی مثال نہیں ملتی اور یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اس کو ہم مسترد کرتے ہیں اور مذمت کرتے ہیں۔ ‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمر ایوب خان نے کہا کہ ’آپ پاکستان کے آئین کا مطالعہ کریں اور آرٹیکل سات پڑھیں تو اس میں ریاست کی تعریف واضح  طور پر لکھی ہوئی ہے۔  ریاست کہتے ہیں مجلس شوریٰ کو، جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ آتے ہیں اور پھر وفاقی حکومت، اس کے بعد صوبائی حکومت اور اسمبلیاں، پھر وہ ادارے جو ٹیکس نافذ کرتے ہیں۔ اس کے بعد مسلح افواج، کوسٹ گارڈز، رینجرز، فائر بریگیڈ، پولیس وغیرہ، جو ریاست کے تابع ہوتی ہیں۔‘

بقول عمر ایوب: ’مسلح افواج جو ریاست کے تابع اور اس کے اوزار ہوتی ہیں، وہ کیسے فیصلہ سنا سکتی ہیں۔ وہ کیسے عدلیہ کی ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر لے سکتے ہیں۔ اگر وہ سویلنز، نہتے شہریوں کے خلاف ایک عام کورٹ کے فیصلے سنانے شروع کر دے تو یہ قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، یہ آئین کی دھجیاں اڑ رہی ہیں اور معاشرہ اس طرح ترقی نہیں کر سکتا۔

’یہی وہ فیصلے ہیں، جن کی وجہ سے پاکستان میں قانون کا فقدان ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی۔

’ہم اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔‘ ساتھ ہی انہوں نے سپریم کورٹ کے پی ایل ڈی 1999 / 504 فیصلے کا حوالہ بھی دیا، جس میں بقول ان کے ’عدلیہ کے بارے میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے۔‘

عمر ایوب نے کہا کہ ’فری اینڈ فیئر ٹرائل ہونا چاہیے، فوجی عدالتوں میں جو وکلا تھے، انہیں واقعات کی فوٹیجز بھی دستیاب نہیں تھیں، وہ منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔ یہ یک طرفہ فیصلہ انسانی حقوق کے خلاف ہے اور ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔‘

اپنے ایک اور پیغام میں عمر ایوب خان نے کہا کہ شہریوں کے خلاف مقدمہ چلانے اور سزا سنانے والی فوجی عدالتیں دراصل ’کینگرو عدالتیں‘ ہیں۔

پاکستانی فوج نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’نو مئی، 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بڑھکائے گئے اشتعال انگیز تشدد اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوس ناک واقعات دیکھے جو ’پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب‘ کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس یوم سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی اور ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کیے گئے۔

’کچھ مقدمات قانون کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے لیے بھجوائے گئے، جہاں مناسب قانونی کارروائی کے بعد ان مقدمات کا ٹرائل ہوا۔‘

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’13 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے سات رکنی آئینی بینچ نے زیر التوا مقدمات کے فیصلے سنانے کا حکم صادر کیا، وہ مقدمات جو سپریم کورٹ کے سابقہ حکم کی وجہ سے التوا کا شکار تھے۔‘

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ’دیگر ملزمان کی سزاؤں کا اعلان بھی ان کے قانونی عمل مکمل کرتے ہی کیا جا رہا ہے۔‘

سزا پانے والوں کی تفصیلات

1۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث جان محمد خان ولد طور خان کو 10 سال قید بامشقت

2۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد عمران محبوب ولد محبوب احمدکو10 سال قید بامشقت

3۔ جی ایچ کیو حملے میں ملوث راجہ محمد احسان ولد راجہ محمد مقصود کو 10 سال قید بامشقت

4۔ پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان حملے میں ملوث رحمت اللہ ولد منجور خان کو 10 سال قید بامشقت

5۔ پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث انور خان ولد محمد خان کو 10 سال قید بامشقت

6۔ بنوں کینٹ حملے میں ملوث محمد آفاق خان ولد ایم اشفاق خان کو نو سال قید بامشقت

7۔ چکدرہ قلعہ حملے میں ملوث داؤد خان ولد امیر زیب کو سات سال قید بامشقت

8۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث فہیم حیدر ولد فاروق حیدر کو چھ سال قید بامشقت

9۔ ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث زاہد خان ولد محمد خان کو چار سال قید بامشقت

10۔ پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث یاسر نواز ولد امیر نواز خان کو دو سال قید بامشقت

11۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث عبدالہادی ولد عبدالقیوم کو 10 سال قید بامشقت

12۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث علی شان ولد نور محمد کو 10 سال قید بامشقت

13۔ جناح ہاوس حملے میں ملوث داؤد خان ولد شاد خان کو 10 سال قید بامشقت

14۔ جی ایچ کیو حملے میں ملوث عمر فاروق ولد محمد صابرکو 10 سال قید بامشقت

15۔ پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث بابر جمال ولد محمد اجمل خان کو 10 سال قید بامشقت

16۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد حاشر خان ولد طاہر بشیرکو چھ سال قید بامشقت

17۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث محمد عاشق خان ولد نصیب خان کو چار سال قید بامشقت

18۔ ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث خرم شہزاد ولد لیاقت علی کو تین سال قید بامشقت

19۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث،محمد بلاول ولد منظور حسین کو دو سال قید بامشقت

20۔ پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث سیِعد عالم ولد معاذ اللہ خان کو دو سال قید بامشقت

21۔ آئی ایس آئی آفس فیصل آباد حملے میں ملوث لئیق احمد ولد منظور احمد کو دو سال قید بامشقت

22۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث علی افتخار ولد افتخار احمدکو10 سال قید بامشقت

23۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث ضیا الرحمان ولد اعظم خورشید کو 10 سال قید بامشقت

24۔ پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان حملے میں ملوث عدنان احمد ولد شیر محمد کو 10 سال قید بامشقت

25۔ پنجاب رجمنٹل سنٹر مردان حملے میں ملوث شاکر اللہ ولد انور شاہ کو 10 سال قید بامشقت

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان