کوہلی کا تعریف کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے: بابراعظم

پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ جب آپ کی تعریف کی جاتی ہے تو آپ کو اعتماد ملتا ہے، وراٹ کوہلی کا میری تعریف کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میرے جو سوال تھے میں نے وراٹ کوہلی سے پوچھے تو انہوں نے مجھے بہت اچھے سے وضاحت کے ساتھ جواب دیے جس سے مجھے بہت مدد ملی(فوٹو: بابر اعظم ٹوئٹر اکاؤنٹ)
 

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وراٹ کوہلی کا میری تعریف کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔

رواں ایشیا کپ کے سلسلے میں انڈین چینل سٹار سپورٹس کو دیے جانے والے انٹرویو میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’کافی اچھا محسوس ہوتا ہے جب آپ کے بارے میں کوئی ایسا تبصرہ کرتا ہے، جیسا کہ وراٹ کوہلی نے میرے بارے میں تبصرہ کیا۔ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے اور اس سے اچھا محسوس ہوتا ہے۔‘

پاکستانی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب آپ کی تعریف کی جاتی ہے تو آپ کو اعتماد ملتا ہے۔ 2019 کے ورلڈ کپ کے دوران میں وراٹ کوہلی کے پاس گیا تو میرا مقصد تھا کہ میں ان سے کچھ سیکھ سکوں کیوں کہ وراٹ کوہلی اس وقت اپنی بہترین فارم میں تھے اور اب بھی ہیں۔‘

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’اس وقت میرے جو سوال تھے میں نے ان سے پوچھے تو انہوں نے مجھے بہت اچھے سے وضاحت کے ساتھ جواب دیے جس سے مجھے بہت مدد ملی۔ جب آپ ایک دوسرے کے بارے میں ایسا کچھ کرتے ہیں تو کافی اچھا محسوس ہوتا ہے۔‘

گذشتہ سال اگست میں ایشیا کپ 2022 کے دوران انڈین بلے باز وراٹ کوہلی نے بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تمام فارمیٹ میں دنیا کے بہترین بیٹر ہیں۔‘

سابق انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ملاقات کے پہلے دن سے میں نے اپنے لیے بابر اعظم کی جانب سے عزت اور احترام دیکھا اور ان کے رویے میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔‘

وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم نے اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھا ہے اور ہمیشہ ان کو کھیلتے دیکھ کر مزہ آتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کپتان کے ساتھ ان پہلا تعارف مانچسٹر میں 2019  کے کرکٹ ورلڈ کپ میں ہوا تھا اور عماد وسیم نے کہا تھا کہ ’بابر اعظم آپ کے ساتھ ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔‘

بابر اعظم جب سے پاکستانی ٹیم کا حصہ بنے ہیں ان کی بلے بازی کی صلاحیتیوں کو دیکھتے ہوئے کرکٹ لیجنڈز اور مداح انہیں کرکٹ کی موجودہ نسل کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیتے ہیں۔

بابر کی ریکارڈ ساز اننگز اور بلے بازی کو دیکھتے ہوئے ان کے مداحوں نے انہیں وراٹ کوہلی کا مدمقابل قرار دیتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایسی کوئی بیان بازی یا مقابلے بازی دیکھنے میں نہیں آتی اور وراٹ کوہلی اور بابراعظم میدان کے اندر اور باہر ایک دوسرے کے لیے اچھے خیالات کا اظہار کرتے ہی دیکھے گئے ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کے ایک دوسرے کے بارے میں بیانات پر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) صارفین نے بھی دلچسپ ردعمل دیا ہے۔

میری معروف نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ دونوں ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے اچھی بات ہی کرتے ہیں۔ یہ ان کے فینز ہیں جو معمولی بات پر جھگڑا کرتے ہیں ورنہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے باہمی احترام کا مظاہرہ کرتے ہیں۔‘

بخت شیر نے لکھا کہ ’میدان میں ایک دوسرے کے مخالف، لیکن میدان سے باہر ایک دوسرے کے دوست۔ کرکٹ کی دنیا کے دو بہترین کھلاڑیوں کا ایک دوسرے سے رابطہ دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔‘

عبدالصمد نے اپنی پوسٹ میں دو افراد کو گتھم گتھا دکھاتے ہوئے لکھا ’تاہم دونوں کے مداح ایک دوسرے سے لڑتے ہوئے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ