’اڑان پاکستان‘ تین سال میں ملک کو بڑے ملکوں میں لے آئے گا: وزیر

وزیر اعظم شہباز شریف اگلے پانچ برسوں کے لیے تشکیل دیے گئے قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے ’اڑان پاکستان‘ کا آج اعلان کریں گے۔

پاکستان کی حکومت آج (منگل کو) اگلے پانچ برسوں کے لیے تشکیل دیے گئے قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے ’اڑان پاکستان‘ کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف اس منصوبے کا آج باضابطہ اعلان کریں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو اگلے تین سالوں میں دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لاکھڑا کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور اب نجی شعبے کو معاملات چلانے ہوں گے۔

یہ پانچ سالہ منصوبہ ’پانچ ایز‘ (برآمدات، ای-پاکستان، مساوات اور بااختیاری، ماحولیاتی، خوراک اور پانی کا تحفظ، اور توانائی اور بنیادی ڈھانچہ) کے تحت اہم اقتصادی مسائل حل کرنے کے لیے ایک ہدف شدہ فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے اہم عوامل کو فوری طور پر حل کرنا ہو گا۔
 
انہوں نے گذشتہ روز ایک تقریب میں کہا تھا کہ یہ منصوبہ کئی نکات پر مبنی ہے جنہیں ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے بروئے کار لانا ضروری ہے۔
 
انہوں نے ملکی وسائل کو برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کی جانب موڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 
 
احسن اقبال نے جدید شعبوں جیسے آٹومیشن، نینو ٹیکنالوجی، اور مصنوعی ذہانت کو اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی، جو ان کے مطابق ’مستقبل کی معیشت کو تبدیل کر دیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ اپنی انسانی وسائل کو ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

’ہم نے گذشتہ 16 ماہ میں پاکستان کو درپیش اہم مسائل کا جائزہ لیا اور ان ترجیحات کی نشاندہی کی جن کی بنیاد پر ایک مستحکم بنیاد قائم کی جا سکتی ہے۔ اس سے پانچ ایز فریم ورک بنا، جو ہمارے بنیادی چیلنجز کو حل کرے گا۔‘

انہوں نے وضاحت کی کہ اس فریم ورک میں برآمدات کو بڑھانا اور متنوع بنانا شامل ہے تاکہ برآمدات پر مبنی ترقی معیشت کا مرکزی جزو بن سکے، ڈیجیٹل تبدیلی کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو ایک تکنیکی معیشت میں تبدیل کیا جا سکے، ماحولیاتی، خوراک اور پانی کے تحفظ کو یقینی بنا کر پائیداری حاصل کی جا سکے، توانائی کے وسائل کا مؤثر استعمال اور کم لاگت پر توجہ دی جا سکے، اور ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کاریڈورز تعمیر کیے جا سکیں۔

 انہوں نے کہا کہ فریم ورک مساوات، اخلاقیات اور بااختیاری کو بھی فروغ دیتا ہے، جس میں نوجوانوں اور خواتین کو مستقبل کی ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے اہمیت دی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سول سرونٹس پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے بہتر انتظام کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ 

قومی اقتصادی تبدیلی منصوبے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی مضبوطی اور عالمی مسابقت کے لیے ایک روڈ میپ فراہم کیا جائے گا۔
 
اپریل 2024 کے شروع میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو دو گنا کرنے کے لیے ایک جامع پانچ سالہ حکمت عملی بنانے اور باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
 
انہوں نے وزارت تجارت سے کہا کہ وہ کامیاب تاجروں اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے برآمدات کی حکمت عملی وضع کریں۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت