پاکستان ہمیشہ سے غیر ملکی قبضے کا مخالف ہے: سلامتی کونسل میں پاکستانی سفیر

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقعے پر خطاب میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان جبر کے شکار لوگوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ایک مضبوط آواز رہے گا۔

تین جنوری 2025 کی اس تصویر میں پاکستان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقعے پر پاکستانی مندوب عاصم افتخار خطاب کرتے ہوئے (اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مشن/ ایکس اکاؤنٹ)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل نمائندے عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ غیر ملکی قبضے کی مخالفت کی ہے اور جبر کے شکار لوگوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ایک مضبوط آواز رہے گا۔

پاکستان نے آٹھویں مرتبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ اس موقعے پر پاکستان کے متبادل مستقل نمائندے عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے دفتر میں پاکستان کا پرچم لگا کر بطور غیر مستقل رکن پاکستان کی دو سالہ مدت کا آغاز  کیا، جس کے بعد پاکستان سلامتی کونسل کے 10 غیر مستقل اراکین میں شامل ہو گیا ہے۔

پاکستان کے ساتھ  ساتھ ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ نے بھی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے (اے پی پی) کے مطابق اس موقعے پر اپنے خطاب میں سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ اسلام آباد اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ باہمی تعاون آج کی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی چیلنجوں سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کو ہر حال میں برقرار رکھنے اور سلامتی کونسل کے اپنے فیصلوں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں مضمر ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی حمایت کرتا رہے گا، جس میں بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی، مساوی حقوق اور خود ارادیت کے اصول پر مبنی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا فروغ شامل ہے۔

رواں ہفتے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے سال 2025 اور 2026 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کی مدت کے آغاز کی مناسبت سے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں تجربے کی بھرپور میراث اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے غیر متزلزل عزم لے کر آیا ہے۔

 انہوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی میں پاکستان کی شراکت کے ذریعے خاص طور پر اقوام متحدہ کے قیام امن اور دنیا بھر میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کے فعال کردار کو اجاگر کیا۔

اسحٰق ڈار نے اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسائل کے منصفانہ اور پرامن حل کا خواہاں ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کونسل کے رکن کے طور پر طاقت کے یکطرفہ اور غیر قانونی استعمال یا دھمکی کی مخالفت کرتا رہے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان