پاکستان کے تمام فارمیٹس کے اوپنر صائم ایوب پاؤں میں موچ آنے کے باعث کم از کم چھ ہفتے کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے۔
زخمی ہونے کے بعد اگلے ماہ ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی شرکت مشکوک ہو گئی۔
کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے صائم کا دایاں ٹخنہ مڑ گیا جس کے بعد انہیں سٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ ’جمعے کی دوپہر کرائے گئے ایم آر آئی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
پی سی بی نے بتایا کہ صائم ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور اگلے ہفتے پاکستان واپس آئیں گے۔
ان کی انجری پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر حالیہ دنوں میں شاندار فارم میں تھے خاص طور پر وائٹ بال کرکٹ میں۔
انہوں نے گذشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو سینچریاں سکور کیں۔ سیریز میں پاکستان نے تین صفر سے کلین سویپ کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹخنے کی انجری نے اگلے ماہ شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں صائم کی شرکت کو بھی مشکوک بنا دیا ہے۔ میگا ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جہاں پاکستان پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے صائم کی انجری کو جنوبی افریقہ میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر کرنے کی پاکستانی کوششوں کے لیے بڑا دھچکہ قرار دیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلا ٹیسٹ جیت کر جون میں لارڈز میں ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سلمان نے جمعے کو کہا: ’جس فارم میں وہ (صائم ایوب) ہیں وہ ایک بڑا دھچکا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ اس وکٹ پر ہمارے لیے بڑا اثاثہ ثابت ہو سکتے تھے۔ میں ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔‘