آٹھ فلاپ فلموں کے بعد ’دل‘ نے عامر کا کیریئر سنبھالا: اندرا کمار

1990 کی کامیاب فلم ’دل‘ کے ہدایت کار اندرا کمار کہتے ہیں کہ ’فلم کی کامیابی اداکار کے نہیں، ایک ڈائریکٹر کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔۔ اگر ’دل‘ کامیاب نہ ہوتی تو عامر اور میرا کیریئر نہ ہوتا۔‘

عامر خان اور مادھوری ڈکشٹ 1990 کی فلم ’دل‘ کے ایک سین کے دوران (آئی ایم ڈی بی ڈاٹ کام)

بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے اپنے کیریئر کی چند فلمیں ہی کی تھیں کہ انہیں 1990 میں ہدایت کار اندرا کمار کی فلم ’دل‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔

1984 میں فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ سے ڈیبیو کرنے والے عامر خان کی یہ فلم اپنے وقت کی کامیاب پیشکش تھی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں اندرا کمار نے 1990 کی اس ہٹ فلم کے بارے میں بات کی، جو ان کے اور عامر کے کیریئر کے لیے بہت اہم تھی۔ ’دل‘ اندرا کی بطور ہدایت کار پہلی فلم تھی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق میزبان سدھارتھ کنن کے ساتھ گفتگو میں اندرا کمار نے دعویٰ کیا کہ ’ (ڈیبیو فلم) ’قیامت سے قیامت تک‘ کے بعد عامر کی لگاتار آٹھ فلاپ فلمیں ہوئیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’(اس سلسلے میں) وہ کیا کر سکتے تھے؟ وہ خلوص نیت سے کام کر رہے تھے۔ فلم کی کامیابی اداکار کے نہیں، ایک ڈائریکٹر کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ اگر فلم نہیں چلتی تو کیا ہوتا؟ اگر ’دل‘ کامیاب نہ ہوتی تو عامر اور میرا کیریئر نہ ہوتا۔‘

اندرا کمار نے کہا کہ عامر ہمیشہ سے باصلاحیت تھے، انہیں صرف ایک اچھے موقعے کی ضرورت تھی۔ ’انہیں (فلم) دل کی صورت میں یہ موقع ملا اور جس طرح سے ان کا کیریئر وہاں سے شروع ہوا، انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔‘

عامر اور اندرا نے دیگر دو فلموں ’عشق‘ اور ’من‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔

1999 کی فلم ’من‘ میں عامر خان کے ساتھ منیشا کوئرالا اور انیل کپور نے بھی کام کیا تھا۔ اندرا کمار نے بتایا کہ انہیں احساس ہوا کہ فلم میں کچھ گڑبڑ ہے۔ پروڈکشن کے دوران ایک موقعے پر، عامر نے بھی اعتراف کیا کہ وہ جو کچھ بنا رہے ہیں اس پر انہیں یقین نہیں ہے۔

بقول اندرا: ’ایک دن عامر نے سیٹ پر مجھ سے کہا: اندو یار میں دیکھ سکتا ہوں کہ یہ فلم کسی اور سمت جارہی ہے۔‘

بقول اندرا کمار، عامر خان  نے کہا کہ وہ بے چینی محسوس کر رہے ہیں۔ میں نے ان سے کہا کہ ’میں اس پر پہلے ہی بات کر چکا ہوں۔ ہمیں پراعتماد ہونا پڑے گا۔‘

فلم ’من‘ باکس آفس پر فلاپ رہی اور اسے ناظرین سے زیادہ پذیرائی نہیں ملی۔

جب اندرا سے پوچھا گیا کہ کیا عامر اپنی سابق بیوی رینا دتہ کے ساتھ طلاق کی وجہ سے فلم ’من‘ کی شوٹنگ کے دوران پریشان تھے تو انہوں نے کہا کہ یہ ’جھوٹ‘ ہے۔ عامر سیٹ پر ایک مخلص اور پروفیشنل اداکار تھے۔

انہوں نے کہا: ’جب عامر کام پر آتے ہیں، تو ان کے ساتھ کسی قسم کا بوجھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے ’من‘ میں اپنی بہترین پرفارمنس دی تھی۔ اس فلم میں اگر کوئی ناکام ہوا تو وہ میں ہوں، عامر نہیں۔‘

فلم ’من‘ کے بعد سے عامر خان اور اندراکمار نے ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے۔

 

عامر خان رواں برس کے آخر میں فلم ’ستارے زمین پے‘ کے ساتھ سامنے آئیں گے، جو ان کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی فلم ہے اور جسے ’تارے زمین پر‘ کا بڑے بچوں کا سیکوئل کہا جا رہا ہے۔

عامر خان کی یہ فلم سال کے آخری دنوں میں یعنی کرسمس کے موقع پر نمائش پذیر ہوگی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم