ابھرتے ہوئے اداکار ان دنوں اپنے کسی کردار یا اداکاری کی وجہ سے خبروں کی زینت نہیں، بلکہ ان کا تذکرہ ہزاروں فٹ بلندی پر دوران پرواز ایک خاتون کو پروپوز کرنے اور اس کی ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
کراچی سے اسلام آباد کی اس پرواز پر عمر عالم نے طیارے کے عملے کی مدد سے اپنا پروپوزل پیش کیا، جو قبول کرلیا گیا اور اس پیار بھرے انداز کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر مسلسل گردش کر رہی ہے۔
ہم نے سوچا کہ کیوں نا عمر عالم سے اسی پر کچھ بات کر لی جائے۔ تو انہیں ایک ڈرامے کے سیٹ پر ملے، جہاں وہ یاسر حسین کی ہدایت کاری میں ان دنوں کام کر رہے ہیں۔
انہیں ابتدائی شہرت اے آر وائی پر ریئیلٹی شو ’تماشہ‘ جیتنے کی وجہ سے حاصل ہوئی۔ لیکن انہوں نے اس پر اکتفا نہیں کیا اور ٹی وی ڈراما، تھیٹر اور سینیما، تینوں میں مسلسل خود کو مصروف رکھا اور ان کے کئی کردار مقبول بھی ہوئے۔
عمر عالم کو سامنے بٹھا کو ان سے پہلا سوال یہی تھا کہ انہوں نے شہرت کے لیے یہ اچھوتا طریقہ کیوں اپنایا۔
انہوں نے اپنے مخصوص زیر لب تبسم کے ساتھ کہا کہ ’مجھے کچھ انوکھا اور منفرد کام کرنا تھا اور اس سے پہلے کے کوئی اور کرے، مجھے یہ کرنا تھا۔ صرف ڈر یہ تھا کہ کہیں ایئر لائن والے اس پر اعتراض نا کریں۔ اس لیے پہلے ان سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ بالکل ٹھیک ہے آپ کریں ہم آپ کا ساتھ دے رہے ہیں۔ تو میں نے کہا کہ اگر یہ لوگ ساتھ دے رہے ہیں تو مجھے دیر نہیں کرنی چاہیے فوراً کر لینا چاہیے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’ایکٹ بالکل بھی سپانسرڈ نہیں تھا۔ یہ عمل ایئر لائن کے ساتھ مل کر کیا گیا تھا لیکن سپانسرڈ نہیں تھا۔ پہلے سے انہیں بتایا تھا۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں اگر یہ کام کروں آپ کی فلائٹ پہ تو آپ لوگ مجھے نیچے جا کے جیل تو نہیں بھجوا دیں گے۔ کوئی ایف ای اے تو نہیں پکڑ لیں گے۔ تو ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ایسا کرنا چاہ رہے ہیں تو آپ یہ چھوٹا سا مت کریں اسے اچھے سے کریں تاکہ ہمارے لیے بھی کوئی فائدہ ہو جائے۔ اس چیز میں، میں نے کہا آپ لوگ کے لیے کیا ہی فائدہ ہو گا یہ تو مجھے اب پتا چل رہا ہے کہ کتنا فائدہ ہوا ہے۔
’تاہم میری منگیتر کو پہلے سے معلوم نہیں تھا، اتنا بھرم تو رکھنا تھا نا۔‘
عمر عالم نے بتایا کہ اس عمل کا اصل خیال یاسر حسین کے اقرا عزیز کو لکس سٹائل ایوارڈز میں پروپوز کرنے سے جڑا ہوا ہے۔ کیونکہ گذشتہ کچھ ماہ میں ان کا آںا جانا بہت زیادہ تھا تو انہیں اس کا خیال آیا اور مشورہ انہوں نے یاسر حسین سے ہی کیا تھا۔
’بس میں نے ایوارڈ شو کا انتظار نہیں کیا کیوںکہ اس میں کرتا تو نقل لگتا، میں نے بس یہ کیا کہ جیسے گرو کا چیلا اس سے آگے جاتا ہے، تو وہ میں نے کیا۔‘
عمر عالم نے بتایا کہ یہ فلائی جناح کی پرواز کراچی سے لاہور جارہی تھی اور جہاز کے نیچے اترنے سے پہلے انہیں 10 منٹ کا وقت دیا گیا تھا، جس میں وہ پروپوز کر سکتے تھے۔ ان کا خیال ہے کہ یہ لاہور یا خانیوال کے آس پاس کا کوئی علاقہ ہو گا لیکن وہ یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔
عمر عالم نے مزید کہا کہ شادی کی خبر ایک سال کے اندر اندر ہی ملے گی کیونکہ انہوں نے 2025 میں ہی شادی کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے عوام سے دعا کی درخواست بھی کی کہ سب ٹھیک ٹھیک ہو جائے۔
عمر عالم نے کہا کہ ’ان کے خیال میں ان کی خوش قسمتی یہ رہی ہے کہ تماشہ سے جو شہرت ملی وہ بطور عمر عالم ہی ملی، وہ کسی کردار کی وجہ سے نہیں ملی۔ اس لیے جو بھی ملتا ہے وہ ان کی فطرت و انداز جانتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عمر عالم نے بتایا کہ ان کی خواہش تو ایکشن ہیرو بننے کی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی وہ یہ چاہتے ہیں کہ انہیں ایک ایسے اداکار کے طور پر جانا جائے جو ہر قسم کا کردار کرسکتا ہے، کوئی یہ نا کہے کہ وہ عمر عالم یہ نہیں کرسکتا۔
عمر عالم کی اب تک دو فلمیں آچکی ہیں، جن میں سے ایک میں انہوں نے ایک ریپسٹ کا کردار کیا تھا، جو کافی مشکل تھا۔
اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہدایت کار نے انہیں یہ کہہ کر راضی کیا تھا کہ اچھا فنکار ہر طرح کا کردار کر لیتا ہے اور یہی امتحان ہوتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے بابر علی کے ہاتھوں اپنی پٹائی کا ذکر بھی کیا۔
’بابر علی صاحب کے ساتھ جو ٹکسالی گیٹ میں سین تھا اس میں ہدایت کار نے مجھے اصل میں پٹوایا ہے، کیونکہ وہ بابر علی کو جا کے کہہ رہے تھے کہ یہ نیا اداکار ہے ری ٹیک کرے گا آپ نے سنبھالنا ہے اور مجھے آگے کہتے ہیں کہ بابر علی صاحب کے ساتھ جو سین آپ نے کرنا ان کو شکایت نہیں ملنا چاہیے جو جیسا وہ کر رہے ہیں آپ نے ان کا ساتھ دینا بالکل ٹھیک ہے جب بات آگئی ہے سیلف ریسپیکٹ کی تو دیکھیں بھئی آپ پھر جو مار کھائی ہے میں نے کیا ہی کھائی ہوگی میں نے بچپن میں جو ابھی کھائی ہے، لیکن پھر پیسے بھی لیے اس مار کھانے کے۔‘
جس ڈرامے کے سیٹ پر تھے اس بارے میں عمر عالم نے بتایا کہ یہ ایک روم کوم ہے، اچھا لکھا ہوا ہے، کاسٹ بہت بڑی ہے اور یہ ایکپریس پر نشر ہوگا جس کی یاسر حسین ہدایت کاری کر رہے ہیں۔
عمر عالم نے آخر میں کہا کہ اب عوام کو ان کی شادی کی خبر ہی ملے گی، ابھی تو وہ جتنی شادیوں پر جاکر ناچ رہے ہیں، ان سے بکنگ کروارہے ہیں کہ وہ سب ان کی شادی پر بھی اسی طرح ناچیں گے۔