جنگی مشق: پاکستانی جے ایف 17 طیارے کی بغیر رکے سعودی عرب تک پرواز

رائل سعودی ایئر فورس ’سپیئرز آف وکٹری 2025‘ مشق کے پانچویں مرحلے کی میزبانی کر رہی ہے، جس میں پاکستان فضائیہ کا دستہ جے ایف17 تھنڈر بلاک-تھری لڑاکا طیاروں کے ساتھ شریک ہے۔

کثیر القومی فضائی جنگی مشق ’سپیئرز آف وکٹری 2025‘ میں شرکت کے لیے پاکستان ایئر فورس کا دستہ، جس میں جے ایف17 تھنڈر بلاک-تھری لڑاکا طیارے شامل ہیں، فضائی اور زمینی عملے کے ساتھ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر پہنچ گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس بین الاقوامی مشن کے دوران پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان میں اپنے بیس سے سعودی عرب تک بغیر رکے پرواز کرتے ہوئے فضا میں ایندھن بھرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس سے جے ایف 17 بلاک-تھری طیارے کی طویل فاصلے تک پرواز کی صلاحیت ظاہر ہوتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران پاکستان فضائیہ کے پائلٹ اے ای ایس اے ریڈار اور ایکسٹینڈڈ رینج بی وی آر سے لیس جے ایف17 تھنڈر طیارے اُڑا کر، جدید لڑاکا طیاروں سے لیس شرکت کرنے والی فضائی افواج کا مقابلہ کریں گے۔ اس مشق میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین، فرانس، یونان، قطر، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ کے لڑاکا طیارے اور جنگ میں مددگار سازوسامان شریک ہو رہے ہیں۔

رائل سعودی ایئر فورس اس مشق کے پانچویں مرحلے کی میزبانی کر رہی ہے جو جدید ٹیکنالوجی، فضائی طاقت کے استعمال میں بڑھتی ہوئی پیچیدگی اور مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز کے پس منظر میں، مشق میں شریک فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کا شاندار موقع فراہم کرتی ہے۔

پاکستان ایئر فورس کے دستے کی اس مشق میں شرکت نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پاکستان فضائیہ کے عزم کو اجاگر کرتی ہے بلکہ جدید فضائی افواج کے درمیان مختلف اور مشکل ماحول میں کام کرنے کی اس کی صلاحیتوں اور مہارت کو بھی نمایاں کرتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان