امریکہ میں سرمایہ کاری 600 ارب ڈالر تک لے جائیں گے: سعودی ولی عہد کی ٹرمپ سے گفتگو

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو میں امریکہ میں سرمایہ کاری اور تجارت کا حجم 600 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

20 مئی، 2017 کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ریاض میں ملاقات کے دوران لی گئی تصویر (اے ایف پی)

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو میں امریکہ میں سرمایہ کاری اور تجارت کا حجم 600 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزیر اعظم محمد بن سلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے صدر کے طور پر حلف اٹھانے پر ٹیلی فون کال کر کے مبارک باد دی اور ٹرمپ کی قیادت میں امریکی عوام کے لیے مزید ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف دو طرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد اور صدر ٹرمپ نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے آئندہ چار سالوں میں امریکہ کے ساتھ اپنی سرمایہ کاری اور تجارت کو 600 ارب ڈالر اور ممکنہ طور پر اس سے بھی آگے بڑھانے کے ارادے کا اعادہ کیا۔

ولی عہد نے امریکہ میں متوقع اصلاحات کے ذریعے بے مثال معاشی خوشحالی اور مواقع پیدا کرنے کی امریکی انتظامیہ کی صلاحیت کا ذکر کیا اور کہا کہ مملکت شراکت داری اور سرمایہ کاری کے ان مواقع میں شرکت کرنا چاہتی ہے۔

 صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مبارک باد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے مفادات کو فائدہ پہنچانے والے تمام شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری، 2025 کو امریکہ کے 47ویں صدر کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا