سرکاری ٹیکسٹ بک بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں کلثوم نواز اور مریم نواز کے کردار پر مشتمل تحریر بھی شامل کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے نئے تعلیمی سال 2025 کے لیے چھپنے والی کتابوں میں فاطمہ جناح کے ساتھ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو، سابق خاتون اول نصرت بھٹو، سابق خاتون اول کلثوم نواز، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اور سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے نام اور تصاویر شامل کی گئی ہیں۔
ترجمان محکمہ تعلیم پنجاب نور الہدیٰ نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا ’مطالعہ پاکستان میں بیگم کلثوم نواز اور مریم نواز کے حوالے سے الگ باب نہیں بلکہ خواتین کے کردار پر مشتمل باب میں ان کی خدمات شامل کی گئی ہیں۔‘
نصاب میں خواتین سیاست دانوں کی شمولیت پر تنقید
نصاب میں خواتین سیاست دانوں کے حوالے سے مواد شامل کرنے پر نہ صرف ماہرین تعلیم بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی تنقید کر رہے ہیں۔
ماہر تعلیم رسول بخش رئیس نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا: ’پہلے تو یہ وضاحت کی جائے کہ سابق وزرائے اعظم کی بیویوں اور بیٹی کی ذاتی خدمات کیا ہیں؟ نئی نسل کو اس طرح کے نصاب کے ذریعے گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
سیاست دانوں کو نصاب میں شامل کرنے کا مقصد
پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے لیے شائع کی گئی نویں اور دسویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں خواتین کے کردار پر مشتمل ایک باب شامل ہے۔
اس باب کا عنوان ’قیام پاکستان 1947 سے عہدِ حاضر تک قومی ترقی میں خواتین کی خدمات‘ ہے، جس میں فاطمہ جناح، نصرت بھٹو، بے نظیر بھٹو، کلثوم نواز، مریم نواز، اور فہمیدہ مرزا کی خدمات پر تحریر شامل کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ تعلیم نور الہدیٰ نے کہا: ’مطالعہ پاکستان کی کتاب میں خواتین کے کردار سے متعلق دیگر خواتین کا تذکرہ پہلے سے موجود ہے۔ اب صرف کلثوم نواز اور مریم نواز کی خدمات پر مشتمل تحریر ان کی تصاویر کے ساتھ شامل کی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’جیسے فاطمہ جناح، نصرت بھٹو اور دیگر اہم خواتین کا سیاست میں اہم کردار رہا، اسی طرح مریم نواز اور کلثوم نواز کا بھی پاکستانی سیاست میں اہم کردار ہے۔ اسی لیے دونوں کا تذکرہ شامل کیا گیا ہے۔ الگ سے باب شامل نہیں کیا گیا، اس لیے اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خیال رہے کہ مطالعہ پاکستان پنجاب میں نویں اور دسویں جماعت کے لیے لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جاتا ہے، اور تمام طلبہ کو یہ مضمون امتحان دینے کے لیے لازمی طور پر پڑھنا پڑتا ہے۔
ردعمل
اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے کہ حکومت میں شامل خواتین کی قومی ترقی میں کیا قابل ذکر خدمات ہو سکتی ہیں۔
ماہر تعلیم رسول بخش رئیس کے مطابق: ’مطالعہ پاکستان میں شامل فاطمہ جناح کے علاوہ دیگر تمام خواتین کا قومی ترقی میں کوئی نمایاں کردار نہیں ہے۔ یہ خواتین دو سابق وزرائے اعظم کی بیویوں کے طور پر جانی جاتی ہیں جبکہ مریم نواز کی پہچان نواز شریف کی بیٹی ہونے کے علاوہ کچھ نہیں۔ نصرت بھٹو اور فہمیدہ مرزا کے کردار بھی ان کے خاوندوں کے مرہون منت ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’افسوس کی بات یہ ہے کہ اقتدار میں موجود افراد تعلیمی نصاب میں اپنی تشہیر کے لیے اپنی خدمات کو نمایاں کر کے نہ صرف نظامِ تعلیم کو مذاق بنا رہے ہیں بلکہ نئی نسل کو گمراہ بھی کر رہے ہیں۔ ان خواتین میں سے کچھ کے خلاف کرپشن کے مقدمات بھی درج ہیں، تو کیا بچے ان کے کرپشن کے معاملات کو دیکھ کر انہیں اپنا آئیڈیل بنائیں گے؟‘