خاندانی منصوبہ بندی نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت ہے: وزیر

نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں کیوں کہ آبادی میں اضافہ ملک کے لیے سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

چار دسمبر، 2022 کی اس تصویر میں پنجاب کے شہر لاہور میں پاکستانی شہری خریداری کرتے ہوئے(اے ایف پی/عارف علی)

پاکستان کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پیر کو کہا ہے کہ حکومت ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے۔

نگران وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ندیم جان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں فیملی پلاننگ اینڈ پاپولیشن مینیجمنٹ کے حوالے سے آل پاکستان ویمن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق نگران وزیر صحت نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں کیوں کہ آبادی میں اضافہ ملک کے لیے سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہی سے متعلق مواد تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق نگران وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ آبادی میں اضافے پر قابو پانے میں درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔

حکومتی منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ پولیو ورکرز ملک کا بہترین اثاثہ ہیں۔ انہیں اچھے نتائج پر معاوضہ دینے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ آبادی میں اضافے پر قابو پانے کے لیے خواتین کو تعلیم دینا اور انہیں بااختیار بنانا اہمیت کا حامل ہے۔

رواں سال اگست میں حکومت پاکستان نے ملک میں ساتویں مردم شماری کی منظوری دی تھی۔ اس اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔

پاکستان کے ادارہ شماریات کی جاری کردہ ساتویں مردم شماری رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے زیادہ ہو چکی ہے۔

اس مردم شماری اور خانہ شماری کا آغاز یکم مارچ 2023 کو کیا گیا تھا۔ مردم شماری کے مطابق پاکستان میں کل گھرانے تین کروڑ، 34 لاکھ 40 ہزار 566 ہیں۔

ادارہ شماریات کے مئی میں جاری غیر حتمی اعداد و شمار کے مقابلے میں حتمی نتائج میں مجموعی طور پر تقریباً 90 لاکھ آبادی کم ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کی شہری آبادی میں کمی جب کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار ہے۔ جس میں سات کروڑ 57 لاکھ 15 ہزار دیہی اور پانچ کروڑ 19 لاکھ 73 ہزار شہری آبادی ہے۔

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 63 ہزار ہے۔ جس میں سے دیہی آبادی 12 لاکھ 54 ہزار اور شہری آبادی 11 لاکھ آٹھ ہزار ہے۔ جبکہ خیبرپختونخوا کی آبادی چار کروڑ 85 لاکھ ہے۔ جس میں دیہی آبادی تین کروڑ 47 لاکھ 24 ہزار اور شہری آبادی 61 لاکھ 31 ہزار ہے۔ 

ادارہ شماریات کے مطابق سندھ کی آبادی پانچ کروڑ 56 لاکھ 90 ہزار ہے۔ جس میں دیہی آبادی دو کروڑ 57 لاکھ 71 ہزار اور دو کروڑ 99 لاکھ 25 ہزار شہری آبادی ہے۔ 

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 48 لاکھ 94 ہزار ہے۔ جس میں دیہی آبادی ایک کروڑ دو لاکھ 82 ہزار اور 46 لاکھ 11 ہزار شہری آبادی ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان