سعودی عرب کے شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے اپنے 2025 کے ایک منصوبے کے تحت پاکستان بھر میں موسم سرما میں 84 ہزار سے زائد ضرورت کی اشیا اور ونٹر کٹس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں جمعرات کو باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے علاوہ شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر پاکستان کے ڈائریکٹر عبداللہ البقامی اور دیگر نے شرکت کی اور سرکاری طور پر موسم سرما کے پیکجز کو روانہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ان اشیا میں شیلٹر نان فوڈ آئٹمز اور ونٹر کٹس شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں کے ایس ریلیف پاکستان کے 50 سرد ترین اور برفباری والے اضلاع کے رہائشیوں کو پچاس ہزار موسم سرما کی کٹس فراہم کرے گا۔
بقیہ 34 ہزار پانچ سو شیلٹر نان فوڈ آئٹمز کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کے ساتھ مختص کیا جائے گا، جس کی تقسیم تین اضافی مراحل میں کی جائے گی، جو اس سال دسمبر تک مکمل ہو جائے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شفافیت اور موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے یہ منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی حکام سمیت اہم شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کیا جائے گا۔
کے ایس ریلیف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا: ’اس مشترکہ کاوش سے پانچ لاکھ 91 ہزار سے زائد افراد مستفید ہونے کی توقع ہے، جس سے کے ایس ریلیف کے پاکستان بھر میں مشکلات کو کم کرنے اور ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’اپنے ملک سعودی عرب کی جانب سے اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے خوشی کی بات ہے۔
’موسم سرما کی امدادی کٹس پاکستان کے چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے شمالی علاقوں میں ضرورت مند افراد میں تقسیم کی جائیں گی۔‘
پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں 16 ہزار، بلوچستان میں 12 ہزار، گلگت بلتستان میں 10 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں چھ ہزار، سندھ میں چار ہزار اور پنجاب میں دو ہزار کٹس تقسیم کی جائیں گی۔
موسم سرما کے ان پیکجوں میں مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے دو پولیسٹر رضائیاں اور گرم شال کی ایک کٹ کے ساتھ ساتھ بچوں اور بڑوں کے لیے گرم کپڑے بھی شامل ہیں۔
تقریب میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر برائے فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات میں ایک اور سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو انسانی امداد اور ترقی کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔