پاکستان، سعودی عرب وزرائے خزانہ کا اقتصادی تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق

ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، بنیادی اصلاحات اور مالی نظم و ضبط میں بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 22 جنوری 2025 کو ڈیووس میں اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کر رہے ہیں (پی آئی ڈی)

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیووس میں اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ ملاقات بدھ کو ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر ہوئی جو 20 سے 24 جنوری کے دوران سوئس شہر میں منعقد ہو رہا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر ماحول کے لیے کی گئی بنیادی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور قواعد میں بہتری کے بارے میں آگاہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق: ’دونوں رہنماؤں نے مشترکہ خوش حالی کے لیے اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان اور سعودی عرب قریبی علاقائی شراکت دار اور اقتصادی اتحادی ہیں۔ دونوں ممالک نے گذشتہ سال اکتوبر میں 2.8 ارب ڈالر مالیت کے 34 معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

سعودی عرب میں 27 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو ترسیلات زر کے لیے پاکستان کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

منگل کو محمد اورنگزیب نے ڈیووس میں سعودی نیشنل بینک کے چیئرمین سعید بن محمد الغامدی سے بھی ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان بینکاری شعبے میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان کی وزارت خزانہ کے بیان میں کہا گیا: ’دونوں رہنماؤں نے بینکاری شعبے میں شراکت داری کو مضبوط بنانے  سمیت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ممکنہ مالی تعاون پر بات کی۔

ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ’سعودی ایکسپورٹ امپورٹ‘ بینک اور پاکستان کے بینک الفلاح کے درمیان ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا مالیاتی معاہدہ بھی طے پایا جو پاکستانی مارکیٹوں تک رسائی کو مضبوط بنائے گا اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت