امریکہ میں مسافر طیارے اور فوجی پیلی کاپٹر کے تصادم میں جان سے جانے والی پاکستانی نژاد اسریٰ حسین کے لیے قرآن خوانی اور دعائیں کی جا رہی ہیں جبکہ ان کے احباب ان کی لاش ملنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
کمیونٹی سینٹر میں اسریٰ کے دوستوں اور امام احمد الامین نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کی لاش مل چکی ہے، تاہم سرکاری ذرائع سے اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے نارتھ ویسٹ میں واقع مسلم کمیونٹی سینٹر میں یکم فروری کو اسریٰ حسین کے لیے قرآن خوانی کی گئی، جبکہ فاتحہ پڑھنے کے لیے بھی مختلف لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔
قرآن خوانی میں مختلف ممالک کے مسلمان مرد و خواتین شامل تھے، اور سینٹر میں مکمل خاموشی اختیار کی گئی تھی۔
اسریٰ کے خاندان نے ایک بیان جاری کر کے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ اس کڑے وقت میں ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے اور انہیں تنگ نہ کیا جائے۔
اسی بیان میں انہوں نے مختصر طور پر لکھا کہ اسریٰ بدھ، 29 جنوری کو ایک کام کے سلسلے میں وِچِٹا، کینساس سے واشنگٹن ڈی سی واپسی کے دوران اس حادثے کا شکار ہوئیں۔
’اسریٰ اپنے شوہر حماد کی پیاری شریک حیات، والدین صبا اور الطاف کی عزیز بیٹی، اور اپنی بہنوں افرا اور اریسا کی جان تھیں۔ وہ اپنی زندگی میں ہر کسی کے لیے خوشی اور روشنی کا ذریعہ تھیں اور اپنی برادری میں ایک نمایاں حیثیت رکھتی تھیں۔ وہ نہایت شفیق، خیال رکھنے والی اور مہربان شخصیت تھیں۔‘
واشنگٹن ڈی سی کے کمیونٹی سینٹر میں ان کی ایک خاتون دوست نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ جلدی میں ہیں کیونکہ وہ اسریٰ کے والدین کو ایئر پورٹ چھوڑنے جا رہی ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
کمیونٹی سینٹر میں ان کی ایک دوست انیشہ نے بتایا کہ اسریٰ کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی، تاہم ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسریٰ کی ساس اور دیگر رشتہ داروں نے عوام سے فنڈ اکٹھا کرنے کی درخواست کی ہے، جس کی رقم کو وہ پاکستان اور انڈیا میں فلاحی کاموں میں خرچ کرنے کا ارادہ ظاہر کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں مختلف حادثات کے بعد ’گو فنڈ می‘ کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرنا ایک عام بات ہے، جس میں عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی اور ریاست ورجینیا کے درمیان بہنے والے دریائے پوٹامک سے ابھی تک لاشیں نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، اور جائے حادثہ کے آس پاس تمام علاقے کو ہر جانب سے بند کر دیا گیا ہے۔
حادثے کی رات تک دریا کا پانی مکمل طور پر منجمد تھا، جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن کامیاب نہ ہو سکا۔
اس حادثے میں 67 افراد جان سے گئے جبکہ تاحال 40 سے زائد لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔
رونلڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئر پورٹ کے قریب بدھ کی رات ایک امریکی فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور امریکن ایئرلائنز کے علاقائی مسافر طیارے کے درمیان فضائی تصادم ہوا تھا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، امریکن ایئرلائنز کے لیے کام کرنے والی پی ایس اے ایئرلائنز کی پرواز 5342 لینڈنگ کے دوران ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گئی۔